تل ابیب: ایران نے اسرائیل پر 400 سے زائد میزائل داغ دیئے جس کے بعد اسرائیل میں سائرن بج اٹھے۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 400 میزائل فائر کئے گئے ہیں، میزائلوں کا ہدف دارالحکومت تل ابیب ہے۔ ایران نے بیلسٹک میزائل داغے ہیں جس کے بعد مختلف علاقوں میں سائرن بجنے لگے، اسرائیل نے تمام شہریوں کو محفوظ مقام پر جانے کا کہہ دیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے بتایاکہ حملے کے بعد جنگی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جبکہ امریکی صدر نے بھی قومی سلامتی ٹیم کی میٹنگ بلالی ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اس سے پہلے اسرائیلی حکومت اور امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ایران آئندہ چند گھنٹوں میں اسرائیل پر حملہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حملے میں حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد ایران کے حوالے سے سخت ردعمل کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ اسرائیل کے دفاع کے لیے اس سے قبل رواں برس اپریل میں شام میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے بعد امریکا اور مغربی اتحاد اس وقت سامنے آئے تھے جب ایران نے اسرائیل پر بیک وقت میزائل اور ڈرون حملے کیے تھے۔
دوسری جانب ایران نے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت پر کہا تھا کہ اس شہادت سے اسرائیل کی تباہی ہوگی تاہم ایران کی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل کا مقابلہ کرنے کے لیے ان کی فوج لبنان نہیں بھیجی جا رہی ہے۔