بدھ, اکتوبر 9, 2024

قانون سازی کرنا پارلیمان کا اختیار:وزیراطلاعات

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہاہے کہ پارلیمان بالادست ادارہ ہے، قانون سازی کرنا پارلیمان کا اختیار ہے، پارلیمان کی منشاء اور اختیار پر سیاست نہیں ہونی چاہئے،آئین اور قانون کے مطابق آگے بڑھیں گے۔
پی ٹی آئی ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہے،امن و امان کو خراب کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی، سرکاری وسائل کو استعمال کر کے وفاق پر لشکر کشی کسی صورت ناقابل قبول ہے، انقلاب لانا ہے تو خیبر پختونخوا میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں انقلاب لائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی مثبت انداز سے آگے بڑھ رہی ہے، پچھلے سال 32 فیصد سے رواں سال 9.6 فیصد پر مہنگائی کا آنا بڑا کارنامہ ہے، مستقبل میں مہنگائی میں مزید کمی واقع ہوگی،شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں، 12 سے زائد سربراہان مملکت اس سمٹ میں شرکت کے لئے پاکستان آئیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف امریکہ کا کامیاب دورہ کر کے وطن واپس آئے، وزیراعظم شہباز شریف کے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کو بہت پذیرائی ملی، وزیراعظم کا اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب پاکستان کے لئے باعث اعزاز ہے، دیگر ممالک کے سربراہان کے ساتھ ملاقاتیں بھی بہت حوصلہ افزاء رہیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے مسئلہ فلسطین اور اسرائیلی جارحیت پر وزیراعظم نے بھرپور انداز میں آواز بلند کی، وزیراعظم نے فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے جنگی جرائم کو بھرپور انداز میں پیش کیا۔
اسرائیلی وزیراعظم کی تقریر کے وقت ہال تقریباً خالی ہو چکا تھا، فلسطینی صدر محمود عباس نے پاکستان کی حمایت کو خوش آئند قرار دیا، فلسطین کے صدر محمود عباس نے وزیراعظم کا بازو پکڑ کر کہا کہ آپ ہمارے بھائی ہیں، فلسطین کے صدر نے فلسطین کاز کے لئے پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا۔

Related Articles

Latest Articles