اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس میں تاخیر کا ذمہ دار تحریک انصاف کو قرار دے دیا۔ جاری اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے تحت تمام سیاسی جماعتیں پارٹی الیکشن کرانے کی پابند ہیں۔
پی ٹی آئی نے 13جون 2021 ء کو انٹرا پارٹی انتخابات کرانے تھے مگر مقررہ وقت تک انتخابات نہیں کرائے، متعدد بار یاد دہانیاں کرائی گئیں،27جولائی2021ء کو شوکاز نوٹس جاری کیا،نوٹس کے جواب میں پی ٹی آئی نے ایک سال کی مہلت دینے کی استدعا کی۔ الیکشن کمیشن نے درخواست قبول کرکے 13جون 2022ء تک کی مہلت دی۔
پی ٹی آئی نے جون 2022ء میں انٹرا پارٹی الیکشن کی نامکمل دستاویزات جمع کرائیں۔اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے انٹراپارٹی الیکشن 3مارچ 2024ء کو کرائے، پی ٹی آئی کے حالیہ انٹراپارٹی الیکشن میں بھی متعدد خامیاں تھیں، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو 23اپریل 2024ء کو نوٹس بھیجا، پہلی سماعت 30اپریل کو ہوئی،اب تک 6سماعتیں ہو چکی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 6سماعتوں میں 5بار پی ٹی آئی نے ہی وقت مانگا، پی ٹی آئی نے ہر بار سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی، پی ٹی آئی نے بدھ کی سماعت میں بھی مزید وقت مانگا، الیکشن کمیشن مسلسل لچک دکھا رہا ہے،پی ٹی آئی کو کئی مواقع دیئے، الیکشن کمیشن چاہتا ہے کہ پی ٹی آئی تمام آئینی تقاضے پورے کرے۔
اعلامئے کے مطابق کیس میں سست روی اور تاخیر کی تمام تر ذمہ داری پی ٹی آئی پر ہے، الیکشن کمیشن معاملہ قانونی طور پر حل کرنے کی کوشش کررہا ہے، الیکشن کمیشن نے کیس میں ہمیشہ قانونی لچک کا مظاہرہ کیا ہے، پی ٹی آئی کے بار بار التوا مانگنے سے معاملہ ابھی تک حل نہیں ہوسکا۔