کراچی میں برطانوی بادشاہ چارلس کی سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس کی میزبانی برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کی۔ اس تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر کامران ٹیسوری، اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران ڈپٹی ہائی کمشنر سارہ موونی نے میوزیکل پروگرام کے آغاز میں گورنر سندھ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر گورنر کامران ٹیسوری نے بادشاہ چارلس کی سالگرہ کے موقع پر برطانوی عوام کو مبارکباد پیش کی اور خوشگوار تعلقات کے عزم کا اظہار کیا۔
برطانوی ہائی کمیشن میں ہونے والی اس تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان صحت سمیت مختلف شعبوں میں مضبوط تعاون جاری ہے۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات ایک نئی سمت میں گامزن ہیں، جو ترقی کے نئے مواقع فراہم کریں گے۔