اسلام آباد: لمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کی شرائط پر متعارف کرائی گئی تاجر دوست اسکیم پر وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر)اور تاجروں کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور بے نتیجہ ختم ہوگیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق تاجر دوست اسکیم پر ایف بی آر اور تاجروں کے درمیان ڈیڈلاک برقرار ہے۔
ذرائع کے مطابق تاجروں اور ایف بی آر کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور بے نتیجہ رہا، دونوں فریقین اپنے اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کیلئے تیار نہیں ہیں تاہم تاجروں اور ایف بی آر کے درمیان آنے والے دنوں میں مذاکرات جاری رہیں گے۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے نے کہا کہ ان کا موقف یہی رہا ہے کہ ویلویشن ٹیبل کے قانون کو ختم کرنا ہوگا، کیونکہ ویلویشن ٹیبل ٹیکس کو تاجر ماننے کیلئے بالکل بھی تیار نہیں ہیں۔
انہوںنے کہاکہ ویلویشن ٹیبل ٹیکس سے کرپشن کی نئی راہ کھلے گی، ہم نے ایف بی آر کو تجویز دی ہے کہ اگر ٹیکس اکٹھا کرنا ہے تو فکسڈ ٹیکس کی طرف جانا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اس ملک میں فکسڈ ٹیکس کا نظام ہی سب سے بہتر ثابت ہوگا، فکسڈ ٹیکس سے جعلی نوٹسز اور بلیک میلنگ سے نجات ملے گی اور فکسڈ ٹیکس سے کرپشن کی راہ بھی بند ہو جائے گی۔
اجمل بلوچ نے کہا کہ اشیائے خورونوش پر بھی ودہولڈنگ ٹیکس ختم کیا جائے اور ایک صفحے کا اردو گوشوارہ فارم ہو تاکہ تاجر باآسانی فائلر بن جائے۔