اسلام آباد: تحریک انصاف کا پشاور سے روانہ ہونے والا قافلہ بشریٰ بی بی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں برہان کے قریب ڈھوک گھر تک پہنچ چکا ہے۔ پارٹی رہنماؤں کے مطابق قافلے کی قیادت علی امین کر رہے ہیں جبکہ بشریٰ بی بی ان کی گاڑی کے پیچھے موجود ہیں۔
احتجاج کے تناظر میں حکومت نے اسلام آباد کے زیادہ تر راستے بند کر دیے ہیں۔ دارالحکومت کے داخلی مقامات پر کنٹینرز رکھ کر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ چھبیس نمبر چنگی کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے جہاں رینجرز اہلکار تعینات ہیں، جبکہ سری نگر ہائی وے زیرو پوائنٹ کے قریب بند کر دی گئی ہے۔
ایکسپریس وے پر کھنہ پل کے مقام پر ٹریفک معطل ہے، اور ایک کنٹینر میں آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔ ائیرپورٹ جانے والے راستے اور فیض آباد سے اسلام آباد داخلے کا راستہ بھی بلاک کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی پولیس نے فیض آباد کے آئی جے پی روڈ پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لاٹھی چارج کیا اور 60 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ صورتحال کشیدہ ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں