اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی تحریک انصاف عمران خان کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت ہوئی، جس کی سربراہی جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔ عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت میں اپنے دلائل پیش کیے۔
دوران سماعت ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدالت جو بھی فیصلہ کرے، لیکن میڈیا پہلے ہی کہہ رہا ہے کہ ضمانت منظور ہو جائے گی۔
اس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی باتوں کو نظرانداز کریں اور ان سے خود کو الگ رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ جان بوجھ کر بیمار ہو گئے یا جان بوجھ کر پیش نہیں ہوئے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے تبصرہ کیا کہ اگر میڈیا سنسنی نہ پھیلائے تو ان کا کام کیسے چلے گا۔