لاہور: رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 32.3 فیصد اضافے سے 904.3 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی ۔رواں مالی سال کے چار ماہ جولائی تا اکتوبرایف ڈی آئی کی آمد 1,242.5 ملین ڈالر رہی جبکہ 338.2 ملین ڈالر کا اخراج ہوا۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران خالص غیر ملکی سرمایہ کاری 683.5 ملین ڈالر رہی۔صرف اکتوبر کے دوران خالص ایف ڈی آئی 133.2 ملین ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 18 فیصد کم ہے جب یہ 163.3 ملین ڈالر تھی۔
ماہانہ بنیاد پر غیر ملکی سرمایہ کاری میں 65 فیصد سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی جب کہ ستمبر کے دوران یہ 385 ملین ڈالر تھی۔دریں اثنا ء رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران ملک میں مجموعی طور پر چینی سرمایہ کاری میں 100 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا۔
چین سب سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے والا ملک رہا جس کا کل حصہ 414.5 ملین ڈالر ہے جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 207.1 ملین ڈالر تھا۔
ہانگ کانگ 99.7 ملین ڈالر کی خالص ایف ڈی آئی کے ساتھ دوسرا سب سے بڑا سرمایہ کار بن کر ابھرا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 69.9 ملین ڈالر کے مقابلے میں 43 فیصد اضافہ ہے اور کل حصص کا 11 فیصد ہے۔
پہلے 4 ماہ کے دوران توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کا سب سے بڑا حصہ 46 فیصد 414.5 ملین ڈالررہا، اس کے بعد مالیاتی کاروباری شعبے 189.6 ملین ڈالراور تیل و گیس کی تلاش 103.8 ملین ڈالرکا نمبر آیا۔