ہفتہ, نومبر 23, 2024

حزب اللہ کی حسن نصر اللہ کی شہادت کی تصدیق

بیروت /مقبوضہ بیت المقدس /تہران: اسرائیل نے بیروت حملوں میں ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اور دیگر سینئر رہنماؤں کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے بعد حزب اللہ نے بھی اپنے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف جنگ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز اسرائیل نے لبنان کے درالحکومت بیروت پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا جس میں حزب اللہ کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا جس کا بنیادی مقصد سید حسن نصر اللہ کو شہید کرنا تھا۔اسرائیل کی جانب سے فضائی حملوں کا یہ سلسلہ تقریباً 5 گھنٹوں تک جاری رہا جبکہ ہفتہ کی صبح اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافات اور لبنان کے دیگر علاقوں پر فضائی حملے کیے۔
رپورٹ کے مطابق حسن نصر اللّٰہ کو نشانہ بنانے کے لیے اسرائیلی طیاروں نے گزشتہ روز بیروت میں ایک ساتھ 15 میزائل داغے تھے جس سے 6 عمارتیں تباہ، 8 افراد شہید اور 91 زخمی ہوئے تھے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق حسن نصر اللّٰہ بم باری کا شکار عمارت میں زمین کے 14 منزل نیچے قیام کرتے تھے۔
حزب اللہ نے شیخ حسن نصراللہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رہے گی ۔ قبل ازیں حزب اللہ کے ذرائع نے بتایا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے جمعہ کے حملوں کے بعد ان کا تنظیم کے سربراہ حسن نصراللہ سے رابطہ نہیں ہو رہا ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے یہ نہیں بتایا ہے کہ آیا اس نے نصر اللہ کو نشانہ بنانے کے لیے فضائی حملے کیے لیکن ایک سینئر اسرائیلی اہلکار نے کہا کہ حزب اللہ کے اعلیٰ کمانڈروں کو نشانہ بنایا گیا تھا اور فضائی حملوں میں حزب اللہ کے میزائل یونٹ کے کمانڈر محمد علی اسمٰعیل اور ان کے نائب حسین احمد اسمٰعیل جاں بحق ہوگئے ہیں۔

Related Articles

Latest Articles