اسلام آباد: حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 2.07روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3.40روپے فی لیٹرکمی کااعلان کر دیا ہے۔ حـکومت کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عوام کو ریلیف دینے کیلئے ایک بارپھرآئندہ 15دن کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 2.07روپے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3.40روپے فی لیٹر کمی،لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.03روپے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.57روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یکم جون 2024سے لے کر یکم اکتوبر 2024تک پٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 21.23روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 18.67روپے فی لیٹر کمی کی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت249.10روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 247.03روپے فی لیٹر ہوگئی۔ ڈیزل کی نئی قیمت 249.69روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 246.29روپے فی لیٹر ہو گئی۔
مٹی کے تیل کی قیمت 158.47روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 154.90روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 141.93روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 140.90روپے فی لیٹر ہو گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جا رہا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12بجے سے ہوگیاہے۔