راولپنڈی: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے خاتمے تک قانون نافذ کرنے والے ادارے آپریشن جاری رکھیں گے، یقین رکھیں دہشت گردی کا سرکچلنے تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے، پاکستان امن پسند ملک ہے اور کسی ہمسائے کے خلاف جارحانہ عزم نہیں رکھتا، دہشت گردی، بدامنی کے خاتمے اور خطے کے امن کے لیے پاکستان نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا، قوموں کو خوشحالی کی منزل ہمیشہ امن کے راستے سے ملتی ہے۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں ’یوم دفاع و شہدا‘ کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ’افوج پاکستان کے بہادر جوانوں، شہدا کے لواحقین سے مخاطب ہوں، یہ دن شہدا کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، شہدا نے وطن کی آزادی و تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، وطن کی خاطر جان قربان کرنے والوں کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ دن ہماری اس قومی حمیت کی یاد دلاتا ہے جس سے سرشار ہو کر عظیم قوم نے طاقت کے زعم میں مبتلا دشمن کے مذموم ارادے خاک میں ملا دیے تھے، افواج پاکستان کے شیر سمندر، فضا اور زمین پر شاہین بن کر دشمن پر جھپٹے، لاہور جم خانہ میں چائے پہنے کا خواب دیکھنے والا دشمن فرار ہوگیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ’پاک افواج کا ہر جوان شوق شہادت کے جذبے سے سرشار ہے، آپ کی وردی ہر ماں، بہن، بیٹی کے سر کی چادر ہے اور یہ وردی سبز ہلالی پرچم لہرانے کی علامت ہے، ’پاکستان ہم سب کا ہے اور کئی تہذیبوں کا سنگم ہے، اس کی حفاظت، ترقی و خوشحالی ہم سب کی ذمہ داری ہے اور ناقابل تسخیر دفاع ہماری اولین ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور کسی ہمسائے کے خلاف جارحانہ عزم نہیں رکھتا، دہشت گردی، بدامنی کے خاتمے اور خطے کے امن کے لیے پاکستان نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا، قوموں کو خوشحالی کی منزل ہمیشہ امن کے راستے سے ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’فتنہ الخوارج کے خاتمے تک قانون نافذ کرنے والے ادارے آپریشن جاری رکھیں گے، یقین رکھیں دہشت گردی کا سرکچلنے تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے، میں ان عظیم ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے لخت جگر اس وطن پر نثار کردیے اور اپنے عظیم ماؤں کی آنسو کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ ہم ان کے بہادر بیٹوں کی قربانی ہر گز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔