اتوار, نومبر 24, 2024

ساتھیوں کو چھوڑ کر بھاگنا پختونوں کا شیوہ نہیں: امیر مقام

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران و صدر پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور نے تمام پختونوں کو بھی بدنام کیا،یہ پختونوں کا شیوہ نہیں کہ اپنے ساتھیوں کو چھوڑ کر یوں بھاگ جائے،کوئی بھی دلیر لیڈر اپنے کارکنوں کو ایسے اکیلے چھوڑ کر نہیں بھاگتا، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے پختون روایات کا بھی مذاق اڑایا،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا چھپ اور بھاگ جانے پر اپنے کارکنوں سے معافی مانگیں۔
پریس کانفرنس میں انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی مسلسل پاکستان مخالف ایجنڈے پر کام کر رہی ہے ، خیبر پختونخوا کے وسائل کو مزید وفاق کے خلاف توڑپھوڑ اور جلائو گھیرائو کیلئے استعمال کئے جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوںنے کہاکہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلی وفاق کیخلاف احتجاج کے لئے سرکاری ملازمین کو زبردستی شرکت پر مجبور کر رہے ہیں، اس انتشاری ٹولے کو مزید پاکستان مخالف سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ گزشتہ روز کراچی میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہوں،ہمارا دشمن ہمیں نقصان پہنچانے سے باز نہیں آتا،واقعہ میں دو چینی باشندوں کے جانی نقصان پر بہت افسوس ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ گزشتہ دنوں ایک مخصوص گروپ نے اسلام آباد کو یرغمال بنائے رکھا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ انتشاری ٹولے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کو زبردستی احتجاج میں شریک کرایا گیا۔
امیر مقام نے کہا کہ یہ تو اڈیالہ جیل کے قیدی کو رہا کروانے نکلے تھے اور لیڈر خود ہی سب کو چھوڑ کر بھاگ گیا،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کردار کسی فلمی ولن سے کم نہیں۔ احتجاج میں پولیس اہلکار کے جانی نقصان پر بہت افسوس ہے،یہ انتشاری ٹولہ اسلام آباد میں 9 مئی کے واقعہ دوہرانا چاہتا تھا۔

Related Articles

Latest Articles