فیصل آباد: قومی ٹیم کے اّل راؤنڈر فہیم اشرف نے ایک بار پھر کارکردگی سے قومی ٹیم میں واپسی کی خواہش کا اظہار کر دیا۔ ایک انٹرویو میں چیمپئنز ون ڈے کپ میں ڈولفنز کی نمائندگی کرنے والے فہیم اشرف نے کہا ہے کہ بطور پلیئر میں اپنی کارکردگی سے کبھی بھی مطمئن ہو کر نہیں بیٹھتا، میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ ہر بار پہلے سے بہتر کروں۔
فہیم اشرف نے کہا ہے کہ کوشش یہی ہوتی ہے جس ٹیم کیلئے کھیلوں اپنا بہترین دوں، جب تک دم ہے کرکٹ کھیل رہا ہوں، دم نہیں ہوگا تو کرکٹ چھوڑ دوں گا۔انہوں نے کہا کہ تمام بہترین پلیئرز ہی چیمپئنز کپ میں شرکت کر رہے ہیں، ہمیشہ سب کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنی سو فیصد پرفارمنس دیں، ہم سب کا کام پرفارم کرنا ہے، اس کے بعد جو ہونا ہے وہ ہمارے ہاتھ میں نہیں۔
فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ چیمپئنز کپ سے سیزن کا اّغاز ہے، یہ ہر پلیئر کیلئے کافی اہم ٹورنامنٹ ہے، ہر پلیئر کی کوشش ہوگی کہ اس ٹورنامنٹ میں اچھی پرفارمنس دے، کوئی کم بیک کی کوششش کرے گا، کوئی اس ٹورنامنٹ سے جگہ پکی کرنے کی کوشش کرے گا، نوجوان پلیئرز کیلئے یہ بہت اہم موقع ہے تاکہ وہ یہاں پرفارم کرکے نظروں میں اّئیں۔