پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) نے ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی، جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس کی نفسیاتی حد پار کر گیا۔
جمعرات کے روز کاروبار کے آغاز پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1210 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد یہ تاریخی سطح عبور کرتے ہوئے ایک لاکھ پوائنٹس کی حد تک پہنچ گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 17 ماہ قبل اسٹاک مارکیٹ محض 40 ہزار پوائنٹس کی سطح پر موجود تھی، اور اس مختصر عرصے میں 60 ہزار پوائنٹس کا شاندار اضافہ دیکھنے میں آیا۔
بدھ کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے خاتمے اور سیاسی بے یقینی میں کمی کے باعث مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔ 100 انڈیکس نے 4,695 پوائنٹس کے تاریخی اضافے کے ساتھ 99,269 کی نئی بلند ترین سطح کو چھوا۔ یہ اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں ایک دن میں سب سے بڑا اضافہ تھا۔
اسٹاک ایکسچینج پاکستان کی سائٹ پر جاری اعدادوشمار کےمطابق بدھ کے کاروباری دن کے آخر پر 100 انڈیکس 4.73 فیصد اضافے کے ساتھ 99,269 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جو ایک لاکھ پوائنٹس کے سنگ میل کے قریب ترین تھا۔
یاد رہے کہ منگل کو کاروبار کے آغاز پر انڈیکس نے ایک ہزار پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا تھا، لیکن دن کے وسط میں سیاسی غیر یقینی کی وجہ سے مارکیٹ میں گراوٹ دیکھنے کو ملی۔ کاروباری دن کے اختتام پر انڈیکس میں 3,505 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی اور مارکیٹ 94,574 پوائنٹس پر بند ہوئی۔