لاہور: کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 33 دہشتگرد وں کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر لاہور، گوجرانوالہ، میانوالی، بہاولپور، ننکانہ صاحب، حافظ آباد، رحیم یار خان، بھکر سمیت دیگر مقامات پر 475انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کئے گئے۔
حکام کے مطابق کہ کارروائیوں میں لاہور سے کالعدم تنظیم کا خطرناک دہشتگرد گرفتار کیا گیا، مختلف شہروں سے گرفتار ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت خبیب احمد، سیف اللہ، ظہیر احمد، احمد، حافظ مطلوب، حمزہ جاوید وغیرہ کے نام سے ہوئی۔
گرفتار دہشتگردوں سے دھماکہ خیز مواد، دھماکہ خیز جیکٹ، 2 ہینڈ گرنیڈ، 26 ڈیٹونیٹر، حفاظتی فیوز وائر 73 فٹ، گولیاں، اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی گئی۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشتگرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔
رواں ہفتے میں 3674 کومبنگ آپریشنز کے دوران 1431 مشتبہ افراد گرفتارکئے، کومبنگ آپریشنز میں 186331 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔حکام کے مطابق سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے، دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں۔