جمعہ, نومبر 22, 2024

صدر، وزیراعظم کا پاک فوج کے غازیوں اور شہداء کو خراج عقیدت

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زر داری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم ِدفاع و شہدا ء کے موقع پر بیرونی جارحیت کے خلاف ملک کا دفاع کرنے والے اور عظیم قربانیاں پیش کرنے والے غازیوں اور شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہماری مسلح افواج قومی خودمختاری اور ملکی سالمیت کو درپیش کسی بھی چیلنج کا جواب دینے کے لیے چوکس اور ہمہ وقت تیار ہیں۔
برصغیر کی نامکمل تقسیم کے باعث کشمیری عوام کو بھارتی مسلح افواج کے ہاتھوں غیر قانونی تسلط اور دہشت گردی کا سامنا ہے،کشمیری عوام کی حالت ِزار کا ازالہ کرکے ہی خطے میں دیرپا امن ممکن بنایا جا سکتا ہے،حکومت تصادم کے بجائے مکالمے اورٹکراؤ کی بجائے تعاون اور شراکت داری پر یقین رکھتی ہے، عالمی برادری فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے اور غزہ میں بے گناہ مسلمانوں کی نسل کشی بند کرے۔
یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر زر داری نے کہاکہ یوم ِدفاع و شہدا ء کے موقع پر ہم بیرونی جارحیت کے خلاف ملک کا دفاع کرنے والے اور عظیم قربانیاں پیش کرنے والے غازیوں اور شہدا ء کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ یہ دن ہمیں اپنی خودمختاری کے دفاع کی جانب غیر متزلزل قومی عزم کی یاد دلاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ میں اس سرزمین کے اْن بہادر سپوتوں کو خراج ِعقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کا دشمن کا خواب چکنا چور کر دیا۔
صدر مملکت نے کہاکہ ہماری مسلح افواج قومی خودمختاری اور ملکی سالمیت کو درپیش کسی بھی چیلنج کا جواب دینے کے لیے چوکس اور ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہماری افواج مناسب دفاعی سازوسامان سے لیس ہیں، مطلوبہ پیشہ ورانہ مہارت کی حامل اور ملک کو تمام چیلنجوں سے بچانے کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوںنے کہاکہ ہم خطے میں امن و استحکام اور تمام پڑوسیوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کے خواہاں ہیں تاہم کشمیری عوام کی حالت ِزار کا ازالہ کرکے ہی خطے میں دیرپا امن ممکن بنایا جا سکتا ہے، برصغیر کی نامکمل تقسیم کے باعث کشمیری عوام کو بھارتی مسلح افواج کے ہاتھوں غیر قانونی تسلط اور دہشت گردی کا سامنا ہے۔ غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کی خود مختار حیثیت کی منسوخی نے اس مسئلہ کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے۔
آج ہم دفاع ِوطن کے مقدس فریضے کی تکمیل میں مسلح افواج کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا عہد کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور ہمیں امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن فرمائے۔
دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں 6 ستمبر انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہر سال اس دن، پاکستانی قوم یوم دفاع و شہداء بڑے ولولے اور احترام سے مناتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم سب مادر وطن کے بیٹوں اور افواج پاکستان کے عظیم سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے 6 ستمبر 1965 کو ہماری سر حدوں پر حملہ آور دشمن کے خلاف بے خو فی سے لڑتے ہوئے اسے شکست فاش دی۔
دشمن کے اس غیر اعلانیہ حملے اور عددی برتری کے باوجود افواج پاکستان کی بیداری اور تیاری کی بدولت تمام محاذوں پر ہزیمت اور عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ 59 سال سے، افواج پاکستان ہردم تیاراور پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور حربی تیاریوں کا مظاہر ہ کرکے جذبہ یوم دفاع کو زندہ رکھے ہوئے ہیں جو ہمارے دفاع اور استقلال کی علامت بن چکا ہے۔
شہبازشریف نے کہاکہ جدید ترین حربی صلاحیتوں سے لیس ہماری مسلح افواج اپنی علاقائی سالمیت اور خود مختار تشخص کو نا قابل تسخیر بنانے کے لیے اپنی استعداد میں مسلسل اضافہ کر رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہماری حکومت تصادم کے بجائے مکالمے اورٹکراؤ کی بجائے تعاون اور شراکت داری پر یقین رکھتی ہے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ تقسیم کشمیربرصغیر کانا مکمل ایجنڈا ہے جسے کشمیری عوام کی اْمنگوں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردوں کے مطابق استصوابِ رائے کے ذریعے فوری حل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمسایوں سے اْٹھنے والی دہشتگردی کی جڑوں کو باہمی تعاون اور مشترکہ مفاد کی حکمت عملی کے ذریعے اکھاڑنے کی ضرورت ہے۔
انہوںنے کہاکہ آج کے دن میں آپ کیلئے امید اور عزم کا پیغام دیتا ہوں،یاد رکھیں، ہمارا ماضی, بحیثیت قوم ہمارا مشکلات پر قابو پانے کی صلاحیت کا گواہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہر بار ہم مضبوط تر اور عسکری اعتبار سے سخت جان ہو کر ابھرے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ ’’عزمِ استحکام‘‘کے تحت نظر ثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان کا مقصد تمام اقسام کی دہشت گردی بشمول ڈیجیٹل دہشت گردی کو ہمیشہ کے لیے جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر ایک خوشحال پاکستان کی راہ ہموار کریں۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے،ہم ہر پلیٹ فارم پر اپنی آواز فلسطین کے لیے بلند کرتے رہیں گے،فلسطینی عوام نے اسرائیلی قبضے کے خلاف اپنی طویل جد وجہد میں نا قابل یقین جرات کا مظاہرہ کیا ہے،ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے اور غزہ میں بے گناہ مسلمانوں کی نسل کشی بند کرے۔

Related Articles

Latest Articles