ہفتہ, نومبر 23, 2024

صوابی، پولیس سٹیشن میں دھماکا، 17افراد زخمی

صوابی: خیبر پختونخوا میں مردان ڈویژن کے شہر صوابی کے پولیس اسٹیشن کے اندر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 17افراد زخمی ہوگئے۔ ڈی پی او صوابی ہارون الرشید کے مطابق باچاخان میڈیکل کمپلیکس میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
صوابی دھماکے سے متعلق سینٹرل پولیس آفس کو موصول ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ دھماکے میں اب تک 17 افراد زخمی ہوئے ہیں۔بتایا گیا کہ پولیس اسٹیشن کی پہلی منزل کے مال خانے کے کمرے میں دھماکا ہوا۔ ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ دھماکا شارٹ سرکٹ کے باعث ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دھماکے کے بعد پولیس اسٹیشن میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ ادھر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری کو فوری صوابی پولیس اسٹیشن پہنچنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کر کے رپورٹ پیش کی جائے جبکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

Related Articles

Latest Articles