جمعہ, نومبر 22, 2024

ملکی معیشت درست سمت گامزن: وفاقی وزیرخزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اور نگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے،کلی معیشت کے استحکام کیلئے مختلف شعبوں میں کلیدی اصلاحات کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں گلوبل ایمرجنگ مارکیٹس اکنامکس کی سربراہ جوہانا چوا اور سٹی گلوبل مارکیٹس اور دنیا کے مختلف حصوں میں اس کے شراکت داروں اور سرمایہ کا روں سے ورچوئل ملاقات میں کہی۔
وزیر خزانہ نے پاکستان کی معیشت کاجامع جائزہ پیش کیا جس میں گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران حاصل ہونے والے استحکام اور ترقی پر روشنی ڈالی گئی۔ انہوں نے کہاکہ استحکام کیلئے اقدامات کے نتیجہ میں پاکستان میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، حکومت معیشت کے کلیدی شعبوں میں جامع اور اہم اصلاحات کر رہی ہے جس کا مقصدکلی معیشت کے استحکام اور اس کے نتیجہ میں پائیدار نمو کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ 7ارب ڈالر کے پر وگرام کیلئے جانے کے فیصلے کا مقصد کلی معیشت کو مستحکم کرنا اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔
وزیر خزانہ نے معیشت کی حالت، جاری معاشی اصلاحات بشمول نجکاری، ٹیکسیشن، توانائی، آئی ٹی اور زراعت سمیت مختلف شعبوں کے فروغ کیلئے حکومت کی کوششوں کے بارے میں شرکا کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔

Related Articles

Latest Articles