حکومتی وجود اور اس کے اقدامات عوام کے مفادات سے متصادم ہیں، جے یو آئی اپوزیشن کاحصہ ہے اور رہے گی
اسلام آباد: جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومتی وجود اور اس کے اقدامات عوام کے مفادات سے متصادم ہیں، جے یو آئی اپوزیشن کاحصہ ہے اور رہے گی۔سابق وزیر اطلاعات محمد علی درانی سے ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آئین اور جمہوریت سے متصادم قانون سازی میں حکومت کسی اپوزیشن جماعت کی حمایت نہیں لے سکے گی۔
فضل الرحمان نے کہا کہ عوام کا دیا اقتدار چاہیے لیکن آئندہ کسی کو مینڈیٹ چوری نہیں کرنے دیں گے۔ملاقات کے دوران محمد علی درانی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان تاریخ کی درست سمت کھڑے ہیں اور ہمیشہ سیاسی روایات اور جمہوری اقدار کے امین رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر منگل اور بدھ کی درمیانی رات، دیر گئے تک ملاقات جاری رہی ،ملاقات میں سیاسی امور اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا ۔محمد علی درانی نے اپنے سیاسی رابطوں سے متعلق مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لیا ۔
مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ حکومتی وجود اور اس کے اقدامات عوام کے مفادات سے متصادم ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ایسی حکومت کے ساتھ جانے کا مطلب عوام کے غیض و غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے، ہمیں صرف وہ اختیار چاہیے جو عوام نے دیا ہو۔
محمد علی درانی نے مولانا فضل الرحمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ تاریخ کی درست سمت میں کھڑے ہیں۔