پیر, نومبر 25, 2024

مہنگائی کی شرح میں چوتھے ہفتے بھی کمی کا تسلسل جاری

کراچی: مہنگائی کی شرح میں کمی کا تسلسل جاری ہے ، مسلسل چوتھے ہفتے بھی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ ہفتے کے دوران 19اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل چوتھے ہفتے کمی ہوئی ہے، جو شرح کے لحاظ سے 0.15 فی صد کمی ہے۔
نئے اعداد و شمار کے مطابق مہنگائی کی مجموعی شرح سالانہ بنیادوں پر 14.07 فی صد پر آ گئی ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ مہنگی جب کہ 13 کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ایک ہفتے میں پیاز کی قیمت میں 5 روپے 58 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح لہسن فی کلو 7 روپے 38 پیسے مہنگا ہوا، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں27روپے 66پیسے اضافہ ہوا۔
گزشتہ ہفتے کے دوران انڈے ایک روپے 65 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔ اس کے علاوہ آلو، چاول، کیلے، بیف، نمک اور گڑ بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔
دریں اثنا ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 19روپے 3پیسے کی کمی آئی۔ حالیہ ہفتے میں چکن 6روپے 73پیسے فی کلو سستا ہوا، گندم کا 20کلو کا تھیلا 23روپے 32پیسے سستا ہواجب کہ گزشتہ ہفتے کے دوران مٹن، چائے کی پتی سمیت 19 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

Related Articles

Latest Articles