اسلام آباد: ایف آئی اے نے مختلف ممالک میں ناقص اور غیر معیاری چاولوں کی ایکسپورٹ کے سلسلے میں 72 رائس ملز سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اسلام آباد لاہور ،گوجرانولہ ،ملتان ،فیصل آباد ،کراچی ،حیدآباد،کوئٹہ ،پشاور اور کوہاٹ کی ڈائریکٹر ایف آئی اے زونز کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق مختلف ممالک میں 72 رائس ملز کی جانب سے ایکسپورٹ کی گئی چاولوں کی کنسائمنٹس مسترد یا ضبط کرلی گئیں۔ چاول ایکسپورٹ کرنے والے ایکسپورٹر ز اور کمپنیوں سے ریکارڈ حاصل کرکے انکوائری آفیسر کو بھجوایا جائے۔
ریکارڈ میں مسترد شدہ کھیپ کی ایل سی ،پری لوڈنگ انسپیکشن سرٹیفکیٹ ،کھیپ کے مسترد کیے جانے کا ریکارڈ ،مسترد کی گی کھیپوں کے ٹیسٹ سرٹفیکٹ حاصل کیے جائیں۔ مراسلے میں مسترد شدہ کنسائنمنٹس کو تلف کرنے کی تفصیل ، کیا وہ واپس پاکستان لائی گئیں یا کسی دوسری منزل پر پہنچائی گئیں ؟
مذکورہ کنسائمنٹس تیسرے ملک کو کیوں اور کیسے بھجوائیں گئیں اور وہ کن کن کوبھجوائیں گئیں ان سب سمیت دیگرتفصیلات طلب کی گئی ہیں جبکہ وزارت فوڈ سیکورٹی، پلانٹ پروڈکشن اور کسی متعلقہ رائس مل کے خلاف انکوائری یا کیس رجسٹرڈ ہو تو اس کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔