اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے معاشی اصلاحات کے باعث رواں سال پاکستان کے معاشی شرح نمو میں اضافے کی پیش گوئی کردی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے جاری آئوٹ لک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں برس پاکستان کی جی ڈی پی 2.8 فیصد رہنے کی توقع ہے جبکہ گزشتہ سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.4 فیصد رہی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس پاکستان میں اوسط مہنگائی کی شرح 23.4 فیصد رہی جبکہ رواں سال پاکستان میں اوسط مہنگائی کی شرح 15 فیصد تک رہنے کا امکان ہے ۔اے ڈی پی کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معاشی اصلاحات کے باعث پاکستان کی جی ڈی پی میں اضافہ ہوا، معاشی استحکام کے لیے اصلاحات پر سختی سے عملدرآمد کرنا لازم ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان سرکاری اخراجات پر سختی سے کنٹرول کرے جبکہ پاکستان کو سماجی تحفظ کا دائرہ کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ حکومت سرکاری اداروں کے نقصانات کو کم کرے اورنجی شعبہ کی ترقی کے لیے کاروباری ماحول کو بہتر بنایا جائے۔
آئوٹ لک رپورٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں اور بہتر ریگولیٹری مانیٹری پالیسی اور ایکسچینج ریٹ کے باعث مہنگائی میں کمی ہوئی۔