پی ٹی آئی احتجاج کے دوران مظاہرین کی اموات کی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد قرار
اسلام آباد: سیکیورٹی ذرائع نے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران مظاہرین کی اموات کی خبروں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دے دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر کچھ عناصر کی جانب سے جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ پولیس کی شیلنگ سے مظاہرین ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان خبروں میں کوئی حقیقت نہیں، بلکہ یہ ناکامیوں کو چھپانے کے لیے پھیلائی گئی افواہیں ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ آپریشن کے دوران کسی قسم کا آتشی اسلحہ استعمال نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے احتجاج منسوخ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پرامن مظاہرین پر ظلم و تشدد کیا گیا اور سینکڑوں افراد کو زخمی کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق بانی چیئرمین سے ملاقات کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔