اس نئے رول میں اپنا بہترین کردار ادا کرنے کے لیے پر امید ہوں، شعیب ملک
لاہور: پاکستان کے سابق کپتان اور دو بار کے آئی سی سی ایونٹ فاتح شعیب ملک آئندہ ماہ ہونے والے چیمپئنز کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں اسٹالینز کے مینٹور ہونگے،یہ ٹورنامنٹ 12سے 29 ستمبر تک اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔شعیب ملک ان پانچ مینٹورز میں شامل ہیں جنہیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئن مینٹور کے طور پر ذمہ داری سونپی ہے دیگر چار مینٹورز وقاریونس مصباح الحق ثقلین مشتاق اور سرفراز احمد ہیں۔
چمپئنز ون ڈے کپ میں ملک بھر کے ایک سو پچاس بہترین کرکٹرز حصہ لیں گے۔ شعیب ملک نے اسٹالینز کا مینٹور مقرر ہونے پر خوشی ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ میرے پاس ایک ایسی ٹیم ہے جس کے ساتھ میں نے ایک کھلاڑی اور کپتان کے طور پر کئی یادگار لمحات شیئر کیے ہیں۔
یاد رہے کہ شعیب ملک پچاس اوورز کے دو ورلڈ کپ اور چھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔وہ 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے کپتان تھے۔ انہوں نے چھ چیمپئنز ٹرافی میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔
شعیب کا بین الاقوامی کریئر بیس سال پر محیط ہے جس میں انہوں نے 35 ٹیسٹ 287 ون ڈے انٹرنیشنل اور 124 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں اور مجموعی طور پر 11867 رنز بنانے کے علاوہ 218 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔
شعیب ملک کا اپنی تقرری پر کہنا ہے کہ کھلاڑی اور کپتان کی حیثیت سے کھیلنے کے بعد مینٹور کے کردار میں واپسی ناقابل بیان ہے۔ مجھے یقین ہے کہ میں اب بھی کھیل کے لیے اپنے تجربے اور جنون کو شیئر کرکے اسٹالین برانڈ میں نمایاں حصہ ڈال سکتا ہوں۔ مینٹور کے طور پر میرا کردار صرف ڈگ آؤٹ سے رہنمائی فراہم کرنے سے بالاتر ہے۔
میں اپنے ذاتی علم اور تجربہ فراہم کرنے کے لیے منتخب میچوں میں بھی میدان میں اتروں گا۔ یہ ہمارے آنے والے کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور اپنے کھیل کو بلند کرنے کے قابل بنائے گا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنے کی کوششوں کو کامیاب کرے گا۔