چیمپئنز ٹرافی:کیا پاکستان ہائبرڈ ماڈل پر مان جائے گا؟
دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں پاکستان کو ہائبرڈ ماڈل پر قائل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ کرک بز کی رپورٹ کے مطابق ایونٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک منعقد ہوگا، جس میں 15 میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان میں 10 میچز اور ایک سیمی فائنل منعقد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ دوسرا سیمی فائنل اور فائنل سمیت 5 میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کرنے پر غور جاری ہے۔ اگر پاکستان ہائبرڈ ماڈل قبول کرتا ہے، تو براڈکاسٹرز کو بڑے آپریشنل اور لاجسٹک مسائل کا سامنا ہوگا۔
پی سی بی کو ہائبرڈ ماڈل پر راضی ہونے کی صورت میں اضافی رقم اور رعایت بھی دی جا سکتی ہے۔ تاہم، پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل پر متفق ہونے کے امکانات کم ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سیمی فائنل اور فائنل کے لیے وینیو، ہوٹل اور سفری انتظامات کی بکنگ بھی کروانا ہوگی۔ دوسری جانب، آئی سی سی نے ابھی تک بھارت کے میچز کی میزبانی کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ جنوبی افریقہ کا نام بھی میزبانی کے لیے زیر غور آیا تھا، لیکن جنوبی افریقی بورڈ نے اس تجویز کو مسترد کر دیا۔
اگر ووٹنگ کے ذریعے فیصلہ کیا گیا کہ میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوں گے، تو یہ پہلی بار ہوگا کہ کسی ٹیم کی شرکت سے انکار پر ایونٹ کے میچز کسی اور جگہ منتقل کیے گئے ہوں۔ ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔
اگر ہائبرڈ ماڈل نافذ کیا گیا، تو پاکستان ممکنہ طور پر بھارت میں ہونے والے آئندہ ٹورنامنٹس، جیسے ویمنز ورلڈکپ، مینز ایشیا کپ اور 2026 کے ٹی20 ورلڈکپ سے دستبردار ہو سکتا ہے۔