صوابی: پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے علی امین گنڈاپور کے ساتھ مذاکرات کے لیے رابطے کی تصدیق کردی۔صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ 24 نومبر کے احتجاج کیلئے ہم نے حکمت عملی تبدیل کی ہوئی ہے۔
پشاور، مردان، چارسدہ اور نوشہرہ کے کارکنان صوابی سے اسلام آباد جائیں گے، باقی اضلاع کیکارکنان مختلف روٹس سے اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے ساتھ مذاکرات کیلیے رابطہ ہوا ہے اور اہم بات یہ ہیکہ عمران خان نے علی امین کو مذاکرات کی اجازت دی ہے، اب دیکھنا ہے کہ حکومت کتنی سنجیدگی سے اس ایجنڈے کو آگے بڑھاتی ہے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی غیر سیاسی خاتون ہیں جو حکم اور ہدایات ملتی ہے وہ صرف اور صرف بانی پی ٹی آئی سے ملتی ہے، آپ ہمیں دیوار سے لگائیں گے تو احتجاج کے علاوہ ہمارے پاس کونسا راستہ ہے۔
سابق اسپیکر نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں ملک میں استحکام آنا چاہیے، اس وقت لا اینڈ آرڈر چیلنجز کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 24 نومبر کو فیصلہ کن احتجاج کے طور پر دارالحکومت اسلام ا?باد کی جانب مارچ کی کال دی ہے۔