عید پر نئے نوٹ جاری ہوں گے یانہیں؟، سٹیٹ بینک بڑا بیان جاری کردیا

ملک بھر میں موجود 17 ہزار کمرشل بینک برانچوں کو مختلف مالیتوں کے 27 ارب روپے کے نئے نوٹ فراہم کیے ہیں ،سٹیٹ بینک

کراچی :اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید الفطر کے موقع پر نئے بینک نوٹ جاری نہ کیے جانے کی خبروں کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔ ایک وضاحتی بیان میں اسٹیٹ بینک نے واضح کیا کہ وہ عید الفطر 2025 کے موقع پر بھی اپنی دیرینہ روایت کے مطابق کمرشل بینکوں کو نئے نوٹ فراہم کر رہا ہے تاکہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے، اسٹیٹ بینک نے رمضان المبارک کے دوران ملک بھر میں موجود 17 ہزار کمرشل بینک برانچوں کو مختلف مالیتوں کے 27 ارب روپے کے نئے نوٹ فراہم کیے ہیں تاکہ یہ نوٹ عوام تک پہنچ سکیں۔
اسٹیٹ بینک نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں کہ عید کے موقع پر اے ٹی ایم نیٹ ورک بلا تعطل فعال رہے اور شہریوں کو صاف ستھرے اور معیاری بینک نوٹ دستیاب ہوں۔
مزید برآں، نئے بینک نوٹوں کی موثر تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک نے اپنی کیش مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تعینات کر دی ہیں، جو کمرشل بینک برانچوں میں نئے نوٹوں کی دستیابی پر نظر رکھیں گی اور اس امر کو یقینی بنائیں گی کہ عوام کو نئے بینک نوٹوں کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین