صبح نہانے کے شوقین ہو جائیں ہوشیار، ماہرین صحت کی وارننگ

نہانے کا بہترین وقت کون سا ہے اور صبح نہانے سے کیا خرابیاں پیدا ہو سکتی ہیں

کیا آپ صبح نہانے کے عادی ہیں؟ تو ہوشیار ہو جائیں! طبی ماہرین کے مطابق صبح کے وقت نہانے کے نقصانات ہو سکتے ہیں، خاص طور پر جلد کے مسائل جیسے مہاسے اور الرجی۔ جانئے ماہرین کی تحقیق کے مطابق نہانے کا بہترین وقت کون سا ہے اور صبح نہانے سے کیا خرابیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نہانا ہماری روزمرہ زندگی کا اہم حصہ ہے اور صفائی کے ساتھ صحت کا ضامن بھی، لیکن بہت سے لوگ اس بات سے بے خبر ہوتے ہیں کہ دن کے کس وقت نہانا زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔ اس حوالے سے ماہرین نے ایک اہم انتباہ جاری کیا ہے کہ صبح کے وقت نہانے کے کچھ ایسے نقصانات ہو سکتے ہیں جن سے ہم اکثر لاعلم ہوتے ہیں۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اگرچہ صبح نہانے سے انسان کا ذہن چوکنا اور تازہ ہو جاتا ہے، لیکن یہ عمل شام کے وقت نہانے کے مقابلے میں کم مفید بلکہ بعض اوقات نقصان دہ بھی ہو سکتا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ دن بھر انسان کا جسم اور جلد مختلف اقسام کی آلودگی، بیکٹیریا، الرجین، کیمیکل اور پسینے کا شکار ہوتے ہیں، خاص طور پر گرمیوں کے دنوں میں جب پولن کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔

پرسکرپشن ڈاکٹر کے طبی مشیر ڈاکٹر آراگونا جیوسیپے کا کہنا ہے کہ دن کے وقت ہماری جلد اور بال مختلف قسم کے ذرات اور جلن پیدا کرنے والے عناصر کو جذب کرتے ہیں، اور جب ہم بغیر نہائے سونے چلے جاتے ہیں تو یہ تمام جراثیم اور آلودگی ہمارے بستر، تکیوں اور چادروں میں منتقل ہو جاتی ہے۔ یہ عمل نہ صرف ہماری نیند کو متاثر کر سکتا ہے بلکہ جلدی امراض جیسے خشکی، خارش، بےچینی اور خاص طور پر چہرے پر مہاسوں کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق شام کے وقت نہانا نہ صرف دن بھر کی آلودگی کو ختم کرتا ہے بلکہ جلد کو بھی صاف اور آرام دہ بناتا ہے، اور یہ نیند کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔

لہٰذا اگر آپ صحت مند جلد اور بہتر نیند کے خواہشمند ہیں تو ماہرین کی رائے کے مطابق شام کے وقت نہانے کو اپنی روزمرہ عادت کا حصہ بنائیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین