پاپ اسٹار جسٹن بیبر ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے، لیکن اس بار موسیقی یا کسی ایوارڈ کی وجہ سے نہیں، بلکہ پاپرازی پر شدید غصے کی وجہ سے۔ سوشل میڈیا پر ان کی ایک ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں وہ کیمروں کی چمک دمک سے پریشان دکھائی دیتے ہیں اور پاپرازی پر برس پڑتے ہیں کہ انہیں صرف پیسہ عزیز ہے، انسانیت نہیں۔
معروف گلوکار جسٹن بیبر ایک کیفے کے باہر اس وقت غصے سے پھٹ پڑے جب کچھ پاپرازی ان کی تصاویر لینے کے لیے انتظار کر رہے تھے۔ جسٹن نے ان پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "تم لوگوں کو صرف پیسہ چاہیے، انسانیت کی کوئی پرواہ نہیں۔”
یہ لمحہ کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہو گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔
جسٹن بیبر کے اس غصے بھرے رویے کے بعد سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کرنے لگیں کہ شاید وہ کسی ذاتی مسئلے یا ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ تاہم ان کے قریبی ذرائع اور نمائندوں نے ان تمام خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جسٹن بالکل ٹھیک ہیں اور ایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں بھی جسٹن بیبر اپنی اہلیہ ہیلی بیبر کے بیوٹی برانڈ کے ایک ایونٹ کے دوران کچھ بےچین اور غیرمعمولی انداز میں نظر آئے تھے۔ اس وقت بھی ان کے مداحوں نے خدشات کا اظہار کیا تھا، جس پر قریبی ذرائع نے بتایا تھا کہ ہیلی اپنے شوہر کی صحت اور ذہنی حالت کے بارے میں فکر مند ہیں، مگر اس وقت بھی واضح نہیں ہو سکا تھا کہ جسٹن کی طبیعت میں واقعی کیا مسئلہ تھا۔
مداح اب جسٹن کی مزید تازہ تصاویر اور بیانات کے منتظر ہیں تاکہ جان سکیں کہ ان کا حال واقعی کیسا ہے، اور آیا یہ غصہ محض لمحاتی تھا یا کسی گہرے مسئلے کی علامت۔