128 سال بعد اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی پاکستان کیلئے چیلنج بن گیا!

لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کا ٹی20 فارمیٹ کھیلا جائے گا

128 سال کے طویل انتظار کے بعد کرکٹ ایک بار پھر اولمپکس کا حصہ بننے جا رہی ہے، لیکن پاکستانی ٹیم کے لیے یہ ایک سنہری موقع سے زیادہ ایک کٹھن چیلنج بن گیا ہے۔ اگر قومی ٹیم نے 2028 کے اولمپکس کے لیے کوالیفائی نہ کیا تو اگلی شرکت کے لیے مزید 5 سال انتظار کرنا پڑے گا۔

انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی (او آئی سی) نے ایک تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے 128 سال بعد کرکٹ کو دوبارہ اولمپکس میں شامل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، 2028 میں ہونے والے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کا ٹی20 فارمیٹ کھیلا جائے گا، جہاں مردوں اور خواتین کے مقابلوں میں 6، 6 ٹیمیں شریک ہوں گی۔

تاہم پاکستانی ٹیم کی اس ایونٹ میں شرکت رینکنگ پر منحصر ہے۔ اس وقت آئی سی سی ٹی20 انٹرنیشنل رینکنگ میں پاکستان کا نمبر ساتواں ہے، جبکہ اولمپکس میں صرف ٹاپ 4 ٹیموں کو شرکت کی اجازت ہو گی۔

ٹی20 کی عالمی رینکنگ میں اس وقت بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سرفہرست ہیں، جو بظاہر لاس اینجلس اولمپکس میں جگہ پکی کر چکی ہیں۔

ادھر ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ 2028 اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے کی ڈیڈ لائن کب ہو گی، لیکن اگر پاکستان ٹیم نے جلد ہی اپنی رینکنگ بہتر نہ کی تو انہیں اس بڑے ایونٹ سے باہر رہنا پڑے گا۔

ایسی صورت میں پاکستانی شائقین کو اگلے اولمپکس، یعنی مزید 5 سال کا طویل انتظار کرنا پڑے گا تاکہ دوبارہ کرکٹ کوالیفائر میں جگہ بنائی جا سکے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین