الاسکا کی ایک خاتون نے سب سے بڑا منہ کھولنے کا نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا! اپنی غیرمعمولی صلاحیت سے وہ پچھلی ریکارڈ ہولڈر سے بھی بڑی چیز منہ میں فٹ کرنے کی دعوے دار ہیں، اور اب ان کا نام باقاعدہ طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج ہو چکا ہے۔
الاسکا کی رہائشی میری پرل زیلمر رابنسن نے اپنے قدرتی طور پر بڑے سائز کے منہ کی بدولت گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ ان کے منہ کی لمبائی دندان ساز کے ذریعے ناپی گئی اور جب انہوں نے اپنا منہ پوری طرح کھولا تو اس کی پیمائش 2.98 انچ نکلی، جو کہ اب تک کی سب سے بڑی ریکارڈ شدہ پیمائش ہے۔
میری پرل کی رہائش کیچکن میں ہے، اور وہ بتاتی ہیں کہ انہیں ہمیشہ سے اندازہ تھا کہ ان کا منہ بڑا ہے، مگر کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ اس بنیاد پر عالمی ریکارڈ قائم کر سکتی ہیں۔ ایک دن جب انہوں نے پچھلی ریکارڈ ہولڈر سمانتھا رامسڈیل کی ایک ویڈیو دیکھی، تب ان کے ذہن میں یہ خیال آیا۔ واضح رہے کہ سمانتھا کا منہ 2021 میں 2.56 انچ ناپا گیا تھا۔
میری پرل نے ہنستے ہوئے کہا کہ میں نے صرف چند ویڈیوز دیکھی تھیں اور مجھے لگا کہ میں بالکل ایسی ہی ہوں، بلکہ اتنی بڑی چیز تو آرام سے اپنے منہ میں ڈال سکتی ہوں جتنے بڑے سمانتھا کا منہ تھا۔
یہ انوکھا ریکارڈ نہ صرف دلچسپی کا باعث ہے بلکہ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ بعض اوقات انسان کی کوئی عام سی بات بھی غیرمعمولی بن کر عالمی سطح پر پہچان دلوا سکتی ہے۔