کراچی سمیت پورے ملک میں بجلی ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی گئی

اس سہولت کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا

کراچی سمیت ملک بھر کے عوام کے لیے خوشخبری! حکومت کی درخواست پر نیپرا نے بجلی کی قیمت میں کمی کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت صارفین کو اب ہر یونٹ پر 1 روپیہ 71 پیسے کم ادا کرنا ہوگا۔ تاہم اس سہولت کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

کراچی سمیت پورے ملک کے لیے پیٹرولیم لیوی کی مد میں بجلی ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ نیپرا نے وفاقی حکومت کی جانب سے دی گئی درخواست پر کیا، جس کے بعد نیپرا نے بجلی کی قیمت میں کمی کا فیصلہ حکومت کو بھجوا دیا ہے۔

نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں یہ کمی اپریل سے جون 2025 تک کے عرصے کے لیے نافذ العمل ہوگی۔ اس فیصلے سے ملک بھر کے صارفین کو ریلیف ملے گا، جس میں کراچی کے صارفین بھی شامل ہیں، کیونکہ کے الیکٹرک کو بھی اس کمی کا حصہ بنایا گیا ہے۔

البتہ نیپرا نے واضح کیا ہے کہ یہ کمی لائف لائن صارفین یعنی انتہائی کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر لاگو نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمت کم کرنے کی باقاعدہ درخواست نیپرا میں جمع کرائی تھی، جس پر 4 اپریل کو سماعت ہوئی تھی۔ اس سماعت کے بعد نیپرا نے حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے فیصلہ جاری کر دیا۔ اس فیصلے سے ملک بھر میں بجلی کے صارفین کو تھوڑی سی معاشی راحت ملنے کی امید کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین