کرکٹ دیوانوں کے لیے خوشخبری! پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کا رنگا رنگ میلہ آج راولپنڈی میں سجے گا۔ افتتاحی تقریب میں گلوکاروں کی شاندار پرفارمنس ہو گی، جب کہ سیزن کا پہلا دلچسپ میچ بھی آج کھیلا جائے گا۔ ٹریفک اور سکیورٹی کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے آغاز کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں اور آج راولپنڈی میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ تقریب شام 7 بجے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگی، جہاں معروف گلوکار اپنی پرفارمنس سے شائقین کا جوش دوبالا کریں گے۔
افتتاحی تقریب کے بعد سیزن کا پہلا مقابلہ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی اور شائقین کو ایک زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
دوسری جانب اسلام آباد میں پی ایس ایل کے سلسلے میں کچھ راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگی۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے مری روڈ، سرینا چوک اور فیض آباد کی آمدورفت بند کر دی جائے گی۔ ایکسپریس وے، مری روڈ، فیصل ایونیو اور سری نگر ہائی وے پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس نے ایچ ایٹ انڈر پاس کے ذریعے بلیو ایریا جانے کا مشورہ دیا ہے، جب کہ سیکٹر آئی اور ایچ میں جانے والوں کے لیے آئی جے پی روڈ سے سروس روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بری امام جانے والے افراد نادرا چوک سے گزر سکتے ہیں۔
میچ کے موقع پر 300 سے زائد اہلکاروں کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تعینات کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔