بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب دھماکہ، 3 اہلکار شہید، 16 زخمی

کانسٹیبلری کے اہلکار اپنی ڈیوٹی مکمل کر کے واپس جا رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا،پولیس حکام

مستونگ:بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دشت روڈ پر ایک ریموٹ کنٹرول بم دھماکے نے بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کو نشانہ بنایا، جس میں 3 اہلکار شہید اور 16 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دشت روڈ پر کھنڈ مہسوری کے قریب ایک دھماکا ہوا۔ یہ دھماکا بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب پیش آیا، جو موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بارودی مواد کی وجہ سے ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق، کانسٹیبلری کے اہلکار اپنی ڈیوٹی مکمل کر کے واپس جا رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور امدادی کام شروع کیا۔
جاں بحق ہونے والے تینوں اہلکاروں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا کہ اس دھماکے میں 16 اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔ شدید زخمی اہلکاروں کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ واقعے کی ابتدائی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس دھماکے کے ذمہ داروں کا پتہ لگایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین