لاہور:عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ساڑھے آٹھ روپے فی لیٹر تک کم ہونے کا امکان ہے۔ وفاقی حکومت آج اوگرا کی سفارشات کی روشنی میں فیصلہ کرے گی، جس سے پیٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل سستا ہو سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق، وفاقی حکومت آج اوگرا کی سفارشات پر غور کر کے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا فیصلہ کرے گی۔
بتایا گیا ہے کہ 16 اپریل سے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 8 روپے 50 پیسے تک کی کمی ہو سکتی ہے۔ اسی طرح، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 96 پیسے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ، مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 47 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 21 پیسے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے۔ اوگرا آج اپنی حتمی تجاویز حکومت کو بھیجے گا، جس کے بعد وزارت خزانہ وزیر اعظم سے مشاورت کر کے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ٹیکسز میں ردوبدل کر کے قیمتوں میں تبدیلی کا اختیار بھی رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مارچ میں حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی شرح بڑھائی تھی، لیکن پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھتے ہوئے بجلی کے نرخوں میں ریلیف کا اعلان کیا گیا تھا۔
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کاامکان
وفاقی حکومت آج اوگرا کی سفارشات کی روشنی میں فیصلہ کرے گی