بھارت کی اتر پردیش پولیس نے ایک شاطر گینگ کی تین خواتین کو گرفتار کیا، جنہوں نے 13 سے زائد نوجوانوں سے جعلی شادیاں کر کے ان سے زیورات اور رقم لوٹ لی۔
اتر پردیش: بھارت کے صوبے اتر پردیش کے شہر ہردوئی میں ایک حیران کن دھوکہ دہی کا واقعہ سامنے آیا، جس نے پولیس کو بھی چونکا دیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تین خواتین پر مشتمل ایک گینگ نے 13 سے زیادہ نوجوانوں سے جعلی شادیاں کر کے ان سے لوٹ مار کی اور پھر فرار ہو گئیں۔
نیرج گپتا نامی ایک شخص نے پولیس میں شکایت درج کی کہ پرمود نامی شخص نے اسے اپنی پوتی پوجا سے شادی کروانے کا جھانسہ دیا اور اسے ہردوئی رجسٹرار آفس لے گیا، جہاں اس کی شادی پوجا سے ہو گئی۔ شادی کے بعد نیرج نے اپنی نئی دلہن کو نقد رقم اور زیورات دے دیے، لیکن اس کے بعد پوجا اور اس کا نام نہاد دادا پرمود دونوں غائب ہو گئے۔
ہردوئی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پوجا عرف سونم، آشا عرف گڈی، اور سنیتا نامی خواتین کو گرفتار کر لیا، اور ان کے قبضے سے زیورات اور نقد رقم برآمد کر لی۔ پولیس کی تفتیش سے پتہ چلا کہ یہ خواتین پورے اتر پردیش میں غیر شادی شدہ نوجوانوں کو اپنا نشانہ بناتی تھیں اور شادی کا ڈرامہ رچا کر ان سے قیمتی سامان لوٹ کر بھاگ جاتی تھیں۔