ب فارم حاصل کرنے کا عمل مزید آسان، نادرا دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہی

والدین پاک آئی ڈی موبائل ایپ یا ویب سائٹ کے ذریعے اپنے بچے کی رجسٹریشن کر سکتے ہیں

لاہور: اگر آپ والدین ہیں اور اپنے بچے کا ب فارم بنوانا چاہتے ہیں، تو اب آپ کو نادرا کے دفاتر جانے کی پریشانی سے نجات مل گئی ہے۔ نادرا نے ایک سال تک کے بچوں کے ب فارم کے لیے آن لائن سروس شروع کر دی ہے، جس سے گھر بیٹھے آسانی سے درخواست دی جا سکتی ہے۔

نادرا کی اس نئی سروس کے تحت والدین پاک آئی ڈی موبائل ایپ یا ویب سائٹ کے ذریعے اپنے بچے کی رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے صرف چند آسان مراحل پر عمل کرنا ہوتا ہے۔

طریقہ کار

سب سے پہلے پاک آئی ڈی ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر اپنا اکاؤنٹ بنائیں یا اگر پہلے سے اکاؤنٹ ہے تو لاگ ان کریں۔اس کے بعد ’درخواست دیں‘ کے بٹن پر کلک کریں اور ’شناختی دستاویز کا اجرا‘ کا آپشن منتخب کریں۔پھر ’چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ‘ کا انتخاب کریں، ’ہاں‘ پر کلک کریں اور اپنا 13 ہندسوں والا قومی شناختی کارڈ نمبر درج کریں۔

ایپلی کیشن شروع کریں اور بچے کی تصویر اپ لوڈ کریں یا ایپ کے ذریعے لائیو تصویر لیں۔اپنے ڈیجیٹل دستخط دیں، بچے کی مکمل تفصیلات درج کریں، اور مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کریں۔والدین میں سے کسی ایک کے فنگر پرنٹس کی تصدیق کی ضرورت ہوگی۔

آخر میں تمام تفصیلات کو اچھی طرح چیک کریں اور درخواست جمع کر دیں۔

فیس:

نادرا نے ب فارم کی عام فیس صرف 50 روپے رکھی ہے، جبکہ اگر آپ جلدی پراسیسنگ چاہتے ہیں تو ایگزیکٹو سروس کے لیے 500 روپے ادا کرنے ہوں گے۔

یاد رہے کہ اگر بچے کی عمر ایک سال سے زیادہ ہے، تو آن لائن درخواست نہیں دی جا سکتی۔ ایسی صورت میں والدین کو قریبی نادرا دفتر کا رخ کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین