آئی پی ایل میں سنچری بنانے والے 14 سالہ بھارتی کھلاڑی کی عمر پر شکوک، پرانا انٹرویو وائرل

ویبھو سوریاونشی آئی پی ایل میں سنچری بنانے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

آئی پی ایل میں 14 سالہ بھارتی کرکٹر ویبھو سوریاونشی کی سنچری نے سب کو حیران کر دیا، لیکن اب ان کی عمر پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ایک پرانے انٹرویو کے مطابق وہ 2023 میں 14 سال کے تھے، جو 2025 میں ان کی عمر 16 سال بناتی ہے۔ سابق باکسر وجیندر سنگھ اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی ان کی عمر پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے، لیکن نہ سوریاونشی اور نہ ہی راجستھان رائلز نے کوئی وضاحت دی۔

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں سنچری بنانے والے 14 سالہ بھارتی کرکٹر ویبھو سوریاونشی کی عمر کے بارے میں سوالات اٹھنے لگے ہیں۔گزشتہ دنوں راجستھان رائلز کے سب سے کم عمر کھلاڑی ویبھو سوریاونشی نے کرکٹ کی دنیا میں ہلچل مچائی اور 14 سال کی عمر میں سنچری بنا کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔

اس نوجوان کھلاڑی نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف 35 گیندوں پر سنچری اسکور کی اور نہ صرف آئی پی ایل بلکہ کسی بھی بھارتی کی تیز ترین ٹی ٹوئنٹی سنچری کا ریکارڈ بنایا۔

ویبھو سوریاونشی آئی پی ایل میں سنچری بنانے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔جہاں لوگ 14 سالہ سوریاونشی کی بیٹنگ کی تعریف کر رہے ہیں، وہیں ان کی عمر کے حوالے سے بھی سوال اٹھ رہے ہیں کہ ان کی عمر 14 سال نہیں بلکہ تقریباً 16 سال ہے۔

سابق بھارتی باکسر وجیندر سنگھ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کر کے بالواسطہ طور پر سوریاونشی کی عمر پر سوال اٹھایا کہ کیا اب کرکٹ میں بھی عمر کی جعلسازی عام ہو گئی ہے؟ انہوں نے کہا کہ بھائی، آج کل لوگ عمر کم کر کے کرکٹ میں کھیلنے لگے ہیں۔

اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی صارفین سوریاونشی کی عمر کے بارے میں سوال اٹھا رہے ہیں۔ان سوالوں کی وجہ سوریاونشی کا ایک پرانا انٹرویو ہے جو 2023 میں وائرل ہوا، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی عمر 14 سال ہے۔

اگر 2023 میں سوریاونشی 14 سال کے تھے، تو 2025 میں ان کی عمر 16 سال ہونی چاہیے۔لیکن بھارتی میڈیا اور مشہور کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو اب بھی سوریاونشی کی عمر 14 سال ہی بتا رہے ہیں۔

کرک انفو کی ویب سائٹ پر سوریاونشی کی تاریخ پیدائش 27 مارچ 2011 درج ہے، جس کے حساب سے ان کی عمر 14 سال اور 36 دن بنتی ہے۔ لیکن اگر 2023 کے انٹرویو کو دیکھا جائے تو اس حساب سے وہ 16 سال کے ہیں۔

کیا سوریاونشی نے آئی پی ایل میں جان بوجھ کر اپنی اصل عمر چھپائی؟ کیا انہوں نے اپنی عمر کے بارے میں جھوٹ بولا؟ یہ وہ سوالات ہیں جو اس وقت سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں۔

اس معاملے پر نہ تو سوریاونشی کی طرف سے اور نہ ہی آئی پی ایل فرنچائز راجستھان رائلز کی جانب سے کوئی بیان سامنے آیا ہے۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل کی میگا نیلامی میں راجستھان رائلز نے سوریاونشی کو ایک کروڑ 10 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین