آئی پی ایل میں کھلاڑیوں کے درمیان ہاتھا پائی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک کرکٹر نے ساتھی کھلاڑی کو لات مار دی۔ یہ واقعہ سن رائزرز حیدرآباد اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا۔
انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کو اب کرکٹ کی بجائے کھلاڑیوں نے ایک ریسنگ کے میدان میں تبدیل کر لیا ہے، جہاں ایک اور کرکٹر نے ساتھی کھلاڑی کو لات مار کر سب کو حیران کر دیا۔
گزشتہ روز احمد آباد میں گجرات ٹائٹنز اور سن رائزرز حیدرآباد کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل تھیں۔ میچ کے دوران پہلے گجرات ٹائٹنز کے کپتان شبمن گل نے رن آؤٹ ہونے پر امپائرز کے ساتھ تلخ کلامی کی۔ اس کے بعد حریف ٹیم کے پلئیر ابھیشیک شرما کے ساتھ میچ کے دوران ہی انہوں نے لات مار دی۔
اس سے قبل بھارتی کرکٹر کلدیپ یادیو نے اپنے ساتھی کرکٹر رنکو سنگھ کو میچ کے اختتام پر تھپڑ مارا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور اس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
میچ کے 14ویں اوور میں گجرات ٹائٹنز کی ٹیم نے ابھیشیک شرما کے خلاف ایل بی ڈبلیو اپیل کی تھی اور اس کے بعد ڈی آر ایس کا استعمال کیا۔ اس دوران بیٹر فزیو سے علاج کروارہے تھے، لیکن اچانک شبمن گل آ کر ابھیشیک کو لات مار بیٹھے۔
رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ گجرات ٹائٹنز کے کپتان شبمن گل انہیں وقت ضائع کرنے سے روکنے کی کوشش کر رہے تھے۔
آئی پی ایل میں کھلاڑیوں کے درمیان ہاتھا پائی کے واقعات نے کرکٹ کے کھیل اور بھارتی کرکٹرز کے رویے پر سوالات اٹھا دیے ہیں، جبکہ فینز شبمن گل کے اس ردعمل پر انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔