کچھ ہی گھنٹوں میں واٹس ایپ 3 معروف فونز پر بند ہو جائے گا، وجہ کیا ہے؟

ان فونز کے صارفین اب اس ایپ کے ذریعے پیغامات نہیں بھیج سکیں گے

دنیا کی سب سے مشہور میسجنگ ایپ واٹس ایپ آئندہ چند گھنٹوں میں تین معروف آئی فونز پر کام کرنا بند کر دے گی۔ ان فونز کے صارفین اب اس ایپ کے ذریعے پیغامات نہیں بھیج سکیں گے۔ اس فیصلے سے پرانی ڈیوائسز استعمال کرنے والوں کو مایوسی ہو سکتی ہے، جبکہ واٹس ایپ نے اس کی وجہ سکیورٹی اور فعالیت کی کمی کو قرار دیا ہے۔

کراچی: واٹس ایپ، جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی میسجنگ ایپس میں شامل ہے اور جس کے دو ارب سے زائد صارفین ہیں، صرف چند گھنٹوں کے اندر تین مشہور فونز پر کام کرنا بند کر دے گا۔ یہ فیصلہ واٹس ایپ کی مالک کمپنی "میٹا” کی جانب سے کیا گیا ہے۔

اب واٹس ایپ صرف ان ایپل ڈیوائسز پر کام کرے گا جن میں iOS 15.1 یا اس سے نیا آپریٹنگ سسٹم ہوگا۔ اس وقت اگر کوئی آئی فون iOS 12 یا اس سے جدید ورژن چلانے کے قابل ہو تو وہ واٹس ایپ استعمال کر سکتا ہے، مگر جو افراد ایپل کے یہ تین پرانے ماڈلز استعمال کر رہے ہیں، وہ آج سے واٹس ایپ پر پیغام بھیج یا وصول نہیں کر سکیں گے۔

آج کے بعد واٹس ایپ صرف انہی آئی فونز پر چلے گا جن میں iOS 15.1 یا اس سے نیا آپریٹنگ سسٹم ہو۔ جن فونز پر یہ ایپ بند ہونے جا رہی ہے ان میں آئی فون 5s، آئی فون 6 اور آئی فون 6 پلس شامل ہیں۔ اگرچہ ان فونز پر واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد کم ہے، مگر پھر بھی یہ خبر پرانی ڈیوائسز کے شوقین افراد کے لیے افسوسناک ہو سکتی ہے۔

واٹس ایپ کے ترجمان نے "میل آن لائن” کو بتایا کہ کمپنی ہر سال یہ جانچتی ہے کہ کون سی ڈیوائسز اور سافٹ ویئر پرانے ہو چکے ہیں اور جن پر صارفین کی تعداد کم ہے۔ ان ڈیوائسز میں یا تو تازہ ترین سکیورٹی اپ ڈیٹس کی کمی ہوتی ہے یا ان میں ایپ چلانے کی صلاحیت نہیں رہتی۔

اس وقت جو بھی آئی فون iOS 12 یا اس سے نیا ورژن چلا سکتا ہے وہ واٹس ایپ استعمال کر سکتا ہے، لیکن جیسے ہی میٹا کی جانب سے اگلا سافٹ ویئر اپڈیٹ جاری کیا جائے گا، تو وہ فونز جو iOS 15.1 یا اس سے اوپر اپڈیٹ نہیں ہو سکتے، وہ واٹس ایپ کا کوئی بھی فیچر استعمال نہیں کر سکیں گے۔

یہ بات بھی اہم ہے کہ ایپل نے بھی کچھ وقت پہلے ان ماڈلز کو سپورٹ کرنا بند کر دیا تھا۔ ان متاثرہ فونز میں سب سے پرانا آئی فون 5s ہے جو 2013 میں ریلیز ہوا تھا، جب کہ آئی فون 6 پلس 2014 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ ان تینوں ماڈلز کو ایپل نے 2016 میں بند کر دیا تھا اور انہیں سرکاری طور پر متروک قرار دے دیا تھا۔

متروک مصنوعات کی فہرست میں شامل ہونے کا مطلب ہے کہ ایپل ان ڈیوائسز کے لیے نہ تو سروس فراہم کرے گا، نہ پرزے دے گا اور نہ ہی کسی قسم کی سافٹ ویئر یا سکیورٹی اپڈیٹس جاری کرے گا۔

اس کے علاوہ صرف واٹس ایپ ہی نہیں بلکہ Spotify اور Instagram جیسی ایپس بھی ان پرانی ڈیوائسز پر اب دستیاب نہیں ہیں۔ واٹس ایپ نے کہا ہے کہ چونکہ آلات اور سافٹ ویئر مسلسل تبدیل ہوتے رہتے ہیں، اس لیے وہ باقاعدگی سے اس بات کا جائزہ لیتے ہیں کہ کن سسٹمز کو سپورٹ کرنا ہے۔

اپنے فون کے سسٹم کی معلومات کیسے دیکھیں؟
یہ چیک کرنے کے لیے کہ آپ کا فون کون سا iOS ورژن استعمال کر رہا ہے، آپ Settings ایپ کھولیں، "General” کو منتخب کریں اور پھر "About” پر ٹیپ کریں۔ "Version” کے تحت آپ اپنے موجودہ iOS نمبر کو دیکھ سکتے ہیں۔ اگر اپڈیٹ کرنا ہو تو "General” سیکشن میں جا کر "Software Update” پر کلک کریں۔

دوسری جانب، میٹا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ واٹس ایپ پر اب Meta AI کا فیچر بھی شامل ہو رہا ہے، جو ایک اختیاری سہولت ہے۔ یہ فیچر آپ کے سوالات کے جواب دینے، کچھ سکھانے یا آئیڈیاز میں مدد فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔

جیسے ہی یہ فیچر برطانوی صارفین کے لیے متعارف ہوا، سوشل میڈیا پر اس پر تنقید شروع ہو گئی۔ ایک صارف نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا: "میں واٹس ایپ میں Meta AI سے کیسے جان چھڑاؤں؟ یہ بٹن ہر وقت سامنے آ جاتا ہے اور میں اسے کبھی استعمال نہیں کروں گا۔”
ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں کہا: "اتنا بڑا Ask AI بٹن؟ واٹس ایپ! خدا کے لیے مجھے اکیلا چھوڑ دو!”

متعلقہ خبریں

مقبول ترین