فنکاروں کا پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی، بھارت کو مؤثر جواب دینے پر بھرپور خراجِ تحسین

پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور دشمن کی اس بزدلانہ کارروائی کو کبھی نہیں بھلایا جائے گا۔

پاکستانی فنکاروں نے حالیہ بھارتی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے مؤثر جواب کو سراہا ہے۔ اداکاروں نے بھارتی بزدلی پر افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کے لیے دکھ اور یکجہتی کا پیغام دیا، کہتے ہیں پوری قوم پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

بھارت نے اپنی فضائی حدود سے پاکستان کے مختلف علاقوں پر رات کی تاریکی میں میزائل داغے اور بلااشتعال بزدلانہ حملہ کیا۔ اس حملے کا پاک فوج نے بھرپور اور مؤثر جواب دیا، جس میں دشمن کے 5 جنگی طیارے مار گرائے گئے۔ پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے فنکاروں نے بھارت کی اس جارحیت کی سخت مذمت کی ہے اور پاک فوج کے جواب کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان، جو بھارتی فلم انڈسٹری میں شاہ رخ خان کے ساتھ بھی کام کر چکی ہیں، نے بھارت کے حالیہ حملے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مشکل وقت میں اپنی قوم اور افواج کے ساتھ کھڑی ہیں۔

اداکار بلال عباس خان نے معصوم پاکستانیوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور بھارتی جارحیت کو ذلت آمیز اور قابل مذمت قرار دیا۔

بھارتی فلم "صنم تیری قسم” میں کام کرنے والی اداکارہ ماورا حسین نے بھی بھارتی حملے پر شدید ردعمل دیا اور کہا کہ وہ معصوم جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسردہ ہیں۔

اداکار و گلوکار فرحان سعید نے ان حملوں کے تناظر میں پاکستان کی آزادی اور بھارت سے علیحدگی پر اللہ کا شکر ادا کیا اور قائداعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بھارتی اقدام کو ناقابل قبول قرار دیا۔

اداکارہ عروہ حسین نے بھارتی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے پر سخت تنقید کی اور کہا کہ بھارت پڑوسی ہونے کا حق ادا کرنے کے بجائے انا کی لڑائی لڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ نہیں بلکہ جھوٹ پر مبنی ایک ناپاک کوشش ہے۔

اداکار منیب بٹ نے بھارتی حملے کے بعد ایک ویڈیو بیان جاری کیا اور کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور دشمن کی اس بزدلانہ کارروائی کو کبھی نہیں بھلایا جائے گا۔

اداکارہ ہانیہ عامر، جن کے بھارت میں بھی بے شمار مداح ہیں، نے بھی بھارتی حملے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی شرمناک حرکت ہے اور یہ بھارت کی کمزوری اور بزدلی کی نشانی ہے۔

اداکار اسامہ خان نے پاکستان پر بھارتی حملے پر افسوس کا اظہار کیا اور اس کشیدہ صورتحال پر گہری مایوسی ظاہر کی۔

تمام فنکاروں نے ایک ہی پیغام دیا کہ مشکل وقت میں وہ اپنی پاک فوج اور پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پوری قوم متحد ہو کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائے گی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین