پاکستان کے بھارت پر حملے کی گونج پوری دنیا میں سنی جائے گی، ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارت نے بہت چھوٹے سائز کے ڈرون فائر کیے تاکہ وہ ایئر ڈیفنس سسٹم سے بچ جائیں

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دو ٹوک اعلان کیا ہے کہ پاکستان جب حملہ کرے گا تو اس کی گونج دنیا بھر میں سنائی دے گی۔ انہوں نے بھارت کے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کو فلمی پروپیگنڈا قرار دیا اور کہا کہ پاکستان نے 29 بھارتی ڈرونز کو نشانہ بنا کر بھرپور جواب دیا ہے۔

اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ رات امرتسر پر چار میزائل خود ہی فائر کیے اور پھر الزام پاکستان پر لگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان جواب دے گا تو اس کا اثر صرف بھارتی میڈیا تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ دنیا اسے دیکھے گی اور اس کی گونج سنے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی طرف سے آنے والی ہر چیز پر ہماری نظر ہوتی ہے اور ہم مکمل نگرانی کرتے ہیں۔ انڈین میزائل فائرنگ کے بعد بھارت نے یہ دعویٰ کیا کہ اس نے پاکستان کے اندر 15 مقامات کو نشانہ بنایا، لیکن حقیقت میں یہ سب جھوٹا پروپیگنڈا ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ اب وہ تھیٹر یا سینیما کی دنیا میں نہیں بلکہ حقیقت کی دنیا میں ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت جو تصاویر دکھا رہا ہے، وہ جعلی ہیں۔ اصل حملے کا تاثر دینے کے لیے آگ لگائی گئی اور میزائلوں کو پہلے سے رکھ کر ویڈیوز بنائی گئیں تاکہ یہ لگے کہ وہاں حملہ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج بھارت کی جانب سے فائر کیے گئے 29 ڈرونز کا مکمل معائنہ اور فرانزک کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا ایئر ڈیفنس سسٹم بھی سوالیہ نشان بن چکا ہے کیونکہ اگر وہ اتنا مضبوط تھا تو پاکستان انکے پانچ طیارے کیسے گرا سکے؟

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے بہت چھوٹے سائز کے ڈرون فائر کیے تاکہ وہ ایئر ڈیفنس سسٹم سے بچ جائیں، لیکن ہماری نگرانی میں وہ بھی نظر آ گئے اور ہم نے اپنی حکمت عملی کے تحت ان ڈرونز کو بہت احتیاط سے نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت دھیان سے کارروائی کرتے ہوئے 29 ڈرونز کو نشانہ بنایا۔ صرف ایک ڈرون ایسا تھا جس کے دھماکے سے ہمارے چار جوان زخمی ہوئے اور دفاعی نظام کو معمولی نقصان پہنچا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت اپنی شکست چھپانے کے لیے پاکستان پر الزامات لگا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بھارت کے ڈرون حملوں میں تین عام شہری شہید ہوئے ہیں، جو ایک افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین