معروف مزاح نگار انور مقصود نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں اندازہ ہوتا ہے کہ فوج کیوں ضروری ہے، اور ہمیں اسی راہ پر چلنا چاہیے جس کی سمت حکومت اور فوج دکھا رہی ہے۔ انہوں نے بھارتی میڈیا پر تنقید کی اور امید ظاہر کی کہ شاید اب مودی کو مسلمانوں سے ناروا سلوک پر ہوش آجائے۔
اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران معروف مزاح نگار اور دانشور انور مقصود نے کہا کہ جب حالات مشکل ہوتے ہیں تو تب احساس ہوتا ہے کہ ملک میں فوج کیوں ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس راہ پر چلنا چاہیے جس کی طرف ہماری حکومت اور فوج ہمیں لے جانا چاہتی ہے، کیونکہ یہی ملکی بقا کا راستہ ہے۔
آرٹس کونسل کراچی میں کابینہ کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے انور مقصود نے کہا کہ آج پاکستان کے 25 کروڑ لوگ سپاہی بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس کوئی ہتھیار نہیں، لیکن قلم کی طاقت ہے اور میں اپنے پرچم کی اسی طرح عزت کرتا ہوں جیسے ایک بھارتی شہری اپنے پرچم کی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکوں کو ان کی آبادی یا رقبے سے نہیں، بلکہ ان کے وقار اور حب الوطنی سے پہچانا جاتا ہے۔ میرے لیے پاکستان اتنا ہی بڑا ہے جتنا ایک بھارتی شہری کے لیے بھارت کی اہمیت ہے۔
انور مقصود نے کہا کہ جنگ کا آغاز کرنا آسان ہوتا ہے، مگر اسے ختم کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ ہم نے پانچ بھارتی جنگی جہاز گرائے، اس پر خوشی تو ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی معصوم بچوں کی جانوں کے ضیاع کا دکھ بھی ہے۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت کا میڈیا کبھی نہیں بدل سکتا۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی الیکشن جیتے تو ضرور ہیں، لیکن شاید اب اس واقعے کے بعد انہیں عقل آجائے کہ وہ مسلمانوں کے ساتھ جو سلوک کر رہے ہیں وہ درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ زمانہ بدل چکا ہے، اب کوئی بھی جنگ نہیں چاہتا، سب کی خواہش ہے کہ ملک ترقی کی طرف بڑھیں۔ ہمیں اپنی حکومت اور افواج کے ساتھ مل کر اسی راہ پر چلنا ہوگا۔
پریس کانفرنس کے دوران معروف شاعر افتخار عارف نے بھی وڈیو لنک کے ذریعے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں بھی انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ پہلگام میں جو کچھ ہوا، ہم ابتدا سے ہی مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس واقعے کی غیرجانبدار تحقیقات ہونی چاہئیں۔ ابھی واقعہ مکمل بھی نہیں ہوتا کہ بھارت پاکستان پر الزام لگا دیتا ہے، جو کہ انتہائی غیرذمہ دارانہ رویہ ہے۔ انہوں نے دو ٹوک کہا کہ پاکستان اپنی خود مختاری پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔