جنوبی کوریا میں فلم کی تقریب کے دوران ایک جذباتی مداح کا پاؤں ٹام کروز کے جوتے پر آ گیا، مگر اداکار نے نہایت خوش اخلاقی سے ردعمل دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ہالی ووڈ کے مشہور اداکار ٹام کروز ایک بار پھر اپنے نرم لہجے اور شائستہ رویے کی وجہ سے خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔حال ہی میں جنوبی کوریا کے شہر سیول میں ان کی نئی فلم مشن امپوسیبل دی فائنل ریکوننگ کی پروموشن کی تقریب کے دوران ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا، جسے مداحوں نے خوب سراہا۔
ریڈ کارپٹ پر موجود ایک پرجوش خاتون مداح نے جب ٹام کروز سے ملاقات کی تو جذباتی کیفیت میں اُس کا پاؤں غیر ارادی طور پر ٹام کروز کے جوتے پر آ گیا۔
خاتون نے فوراً معذرت کی تو ٹام کروز نے خوش دلی سے مسکرا کر جواب دیا
"آپ کو معذرت کرنے کی کوئی ضرورت نہیں! میرے لیے یہ خوشی کی بات ہے کہ آپ نے میرے جوتے پر پاؤں رکھا۔”
ٹام کروز کے اس شائستہ انداز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے، اور مداح ایک بار پھر ان کے خوش اخلاق رویے کے معترف ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ مشن امپوسیبل: دی فائنل ریکوننگ 23 مئی کو ریلیز ہو رہی ہے، جس کی ہدایتکاری کرسٹوفر مک کواری نے کی ہے، اور ان دنوں فلم کی بھرپور تشہیر جاری ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ٹام کروز کا نام اداکارہ انا دی آرماس کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔ اگرچہ ان تعلقات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، تاہم کروز کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دوستی سے کچھ زیادہ لگ رہی ہے۔