اسلام آباد: پاکستان کے جدید دفاعی نظام نے بھارت کی اشتعال انگیزی کا مؤثر جواب دیتے ہوئے اب تک دشمن کے 77 ڈرونز تباہ کر دیے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 8 مئی کی شام تک 29 بھارتی ڈرونز کو نشانہ بنایا گیا، جب کہ گزشتہ شب سے لے کر آج دن تک مزید 48 ڈرونز مار گرائے گئے۔
پاک فوج نہ صرف دشمن کی دراندازی کا بھرپور جواب دے رہی ہے بلکہ قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر محاذ پر چوکنا ہے۔ فوجی حکام کے مطابق یہ ڈرونز ملک کے مختلف شہروں میں مار گرائے گئے، جن میں وہاڑی، پاکپتن، اوکاڑہ، راولپنڈی، لاہور، اٹک اور کراچی سمیت کئی اہم علاقے شامل ہیں۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر بتایا تھا کہ پاکستان کے ایئر ڈیفنس نے بہاولنگر میں ایک اور بھارت کی جانب سے داغا گیا اسرائیلی ساختہ ہیروب ڈرونز گرادیا۔
اس ڈرون کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنانے کے بعد پاکستان کی جانب سے بھارت کے گرائے جانے والے ڈرونز کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے 7 اور 8 مئی کو پاکستان کے مختلف شہروں پر اسرائیلی ساختہ ڈرونز فائر کیے تھے جن میں سے بیشتر کو ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی فورسز نے تباہ کردیا۔
قبل ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ بھارت کے ڈرون حملوں سے تین سویلین شہری شہید جبکہ لاہور میں چار فوجی افسران زخمی اور دفاعی تنصیب کو معمولی نقصان ہوا ہے۔