توانائی کے شعبہ میں اہم پیشرفت، سندھ میں گیس کے نئے ذخائر دریافت

اس مقام سے یومیہ تقریباً 30 ملین مکعب فٹ (30 ایم ایم سی ایف) گیس حاصل کی جا سکے گی

سندھ:سندھ کے ضلع سجاول میں ملکی توانائی کے شعبے کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ماڑی انرجیز نے گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے ہیں۔ کمپنی کے مطابق "سوہو ون” کے مقام پر، جو کہ سجاول بلاک میں واقع ہے، گیس کی ایک بڑی مقدار دریافت ہوئی ہے۔
ابتدائی تخمینوں کے مطابق، اس مقام سے یومیہ تقریباً 30 ملین مکعب فٹ (30 ایم ایم سی ایف) گیس حاصل کی جا سکے گی، جو ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
یہ دریافت نہ صرف مقامی سطح پر ترقی کے نئے امکانات پیدا کرے گی بلکہ ملکی معیشت کو بھی توانائی کے شعبے میں مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ ریتیلی چٹانوں کے نچلے حصے سے گیس دریافت ہوئی ہے۔ اس دریافت نے سجاول کے علاقے میں تیل و گیس کی تلاش کے نئے امکانات روشن کیے ہیں ۔
ذخائر کے مکمل امکانات کو بروئے کار لانے کے لیے مزید فارمیشنز کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔
قبل ازیں مارچ میں وزیرستان بلاک میں دوسرے بڑے گیس و تیل کے ذخائر دریافت ہوئے تھے، اس سلسلے میں ماڑی انرجیز نے بتایا تھا کہ خیبر پختونخوا میں اسپن وام ون کنوئیں سے دوسری بار تیل و گیس ذخائر دریافت ہوگئے ہیں۔
ایس آئی ایف سی کے تعاون سے ملک میں 2020 کے بعد پہلی بار تیل و گیس کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ توانائی منصوبوں میں ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے مقامی سرمایہ کاری اور دریافتوں کو فروغ ملا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین