ننکانہ صاحب میں سکھوں کی عبادت گاہ پر بھارتی ڈرون حملے ناکام، پاک فوج نے 6 ڈرونز مار گرائے

پورے ملک سے ڈرونز جمع کرکے بھارت کے منہ پر ماریں گے

پاکستان نے بھارت کی جانب سے ننکانہ صاحب کی سکھ عبادت گاہ پر ڈرون حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دشمن کے 6 ڈرونز مار گرائے۔ حملے کے وقت بھارتی فضائیہ کے 60 طیارے فضا میں تھے جنہیں پاکستانی دفاعی نظام نے بھرپور انداز سے انگیج کیا۔ پاک فوج نے عالمی میڈیا کو حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت نہ صرف پاکستان بلکہ اپنے شہریوں کو بھی جھوٹ اور سازشوں میں الجھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اسلام آباد میں عالمی میڈیا کو اہم بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کی مقدس عبادت گاہ کو نشانہ بنانے کے لیے چھ ڈرونز بھیجے جنہیں پاکستانی فورسز نے مانیٹر کرکے کامیابی سے گرا دیا، انہوں نے کہا کہ بھارت کی اس شرانگیزی کا منہ توڑ جواب دیا گیا اور ایسے حملوں کی دوبارہ اجازت نہیں دی جائے گی، ان کے ساتھ ایئر فورس اور نیوی کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے،

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ حملے کے وقت بھارت کے ساٹھ طیارے فضا میں پرواز کر رہے تھے، جنہیں ہماری فورسز نے بروقت انگیج کیا، بھارتی طیارے رات بارہ بج کر دس منٹ پر پاکستانی حدود کے قریب آئے، انہوں نے رافیل طیاروں کے پائلٹ کی آپس کی گفتگو بھی پریس کو سنائی، ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے وقار اور خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا،

انہوں نے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر عام شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے، پہلگام واقعہ کے بعد بھارت نے بغیر ثبوت پاکستان پر الزام لگایا، مگر حقیقت یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے شہری خود اس حملے کو بھارتی فوج کا ایک ڈرامہ قرار دے رہے ہیں، ترجمان نے شہریوں کی ویڈیوز بھی دکھائیں جن میں انہوں نے مودی حکومت کی پالیسیوں پر سوال اٹھائے،

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پہلگام واقعہ دوپہر 2:30 پر پیش آیا اور صرف دس منٹ بعد ایف آئی آر درج ہوگئی، آخر بھارت نے اتنی جلدی کیسے طے کرلیا کہ حملے میں پاکستان ملوث ہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ پلوامہ حملے کی طرح یہ بھی ایک فالس فلیگ آپریشن ہے، جموں کے اُس وقت کے گورنر نے خود پلوامہ حملے کو بھارتی سیاسی سازش قرار دیا تھا،

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج جعلی مقابلے کر کے کشمیری نوجوانوں کو مارتی ہے اور بعد میں انہیں دہشت گرد قرار دے دیتی ہے، بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھی بھارتی ہاتھ ہے، ہمارے پاس بھارتی فوج اور دہشت گرد تنظیموں کے درمیان رابطے کے ثبوت موجود ہیں،

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جہلم سے ایک بھارتی جاسوس کو گرفتار کیا گیا، پہلگام حملے سے پہلے کی منصوبہ بندی کے تانے بانے اسی جاسوس سے جڑتے ہیں، بھارت نہ صرف پاکستان بلکہ امریکا، کینیڈا اور دیگر ممالک میں بھی دہشت گردی کو سپورٹ کر رہا ہے تاکہ دنیا کی توجہ اپنے اندرونی مسائل سے ہٹائی جا سکے،

انہوں نے کہا کہ بھارت کی یہ جھوٹی اور بلاجواز جارحیت اب بند ہونی چاہیے، پاکستان نے صاف شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کی پیش کش کی تھی اور کہا تھا کہ کوئی تیسرا فریق جج بن جائے، مگر بھارت نے اس کی آڑ میں اپنے ملک کے مسلمانوں کو بھی نشانہ بنانا شروع کر دیا،

ڈی جی آئی ایس پی آر نے انکشاف کیا کہ بھارت کے حملے کے وقت فضا میں 57 کمرشل پروازیں موجود تھیں، جنہیں شدید خطرہ لاحق تھا، بھارت اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے حملے کر رہا ہے جن میں سے اب تک 77 کو تباہ کیا جا چکا ہے، پاکستان نے جواب میں بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا،

انہوں نے کہا کہ ہم صرف ان چیک پوسٹوں پر کارروائی کرتے ہیں جہاں سے ہمیں نشانہ بنایا جاتا ہے، بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کی عبادت گاہ پر حملہ کیا جس میں چھ ڈرون استعمال ہوئے، لیکن ہم نے یہ حملہ مکمل طور پر ناکام بنایا، بھارت نے لانگ رینج میزائلوں سے بھی حملے کی کوشش کی، بھارتی میڈیا کو جھوٹی کہانیاں گھڑنے سے پہلے سوچ لینا چاہیے،

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بھارتی حکام شاید فلموں پر زیادہ یقین رکھتے ہیں، ایک مثال دیتے ہوئے بتایا کہ لندن میں بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ مسعود اظہر کا بھائی جنازے کی نماز پڑھا رہا ہے، جبکہ وہ شخص خود ویڈیو بیان میں کہہ رہا ہے کہ وہ حیران ہے کہ اسے مسعود اظہر کا بھائی کیسے بنا دیا گیا،

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پورے ملک سے ڈرونز جمع کرکے بھارت کے منہ پر ماریں گے، بھارت سمجھتا ہے کہ وہ کارروائی کرے اور کوئی اس سے سوال نہ کرے، جب بھی ڈرون آتے ہیں، ہم انہیں مانیٹر کرکے گراتے ہیں اور اب تک بھارت کے تمام ڈرونز مار گرائے ہیں، کوئی ایک بھی واپس نہیں گیا،

انہوں نے بتایا کہ بھارتی حملوں میں 33 پاکستانی شہید اور 62 زخمی ہوئے، ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے کہا کہ پاک فضائیہ نے صرف دو منٹ میں ردعمل دیا، بھارت کے تقریباً 60 طیارے آئے جن میں سے 14 رافیل طیارے تھے، جن میں سے تین رافیل سمیت پانچ طیاروں کو مار گرایا گیا،

اس موقع پر اسکرین پر بھارتی طیاروں کی تباہی کی تصاویر اور بھارتی پائلٹ کی گفتگو بھی دکھائی گئی،

ٹی آر ٹی ورلڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے جواب میں صرف ایل او سی کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا، ڈرون یا راکٹ حملے نہیں کیے گئے، بھارت عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے جبکہ پاکستان صرف ان بھارتی پوسٹوں پر فائرنگ کرتا ہے جہاں سے سویلینز پر فائر ہوتا ہے،

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے جھوٹا پروپیگنڈا کیا کہ پاکستان نے بھارت پر میزائل داغے یا ڈرون حملے کیے، اگر ایسا کچھ ہوا ہے تو ثبوت پیش کرے، نہ کوئی گرایا گیا طیارہ ملا، نہ پائلٹ، نہ ملبہ،

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اگر کچھ کرے گا تو دنیا خود دیکھے گی، انڈین میڈیا کو بتانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، بھارت کا ہر واقعے پر پاکستان پر الزام تراشی اب ایک عادت بن چکی ہے، پہلگام واقعے میں بھی یہی کیا گیا، جبکہ پاکستان نے غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت کے پاس کسی الزام کا کوئی ثبوت نہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین