بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان طے پانے والے حالیہ سیزفائر معاہدے کی کوئی مدت مقرر نہیں، یہ معاہدہ کھلے وقت کے لیے ہے۔ اتوار کو ڈی جی ایم اوز کی بات چیت طے نہیں تھی، تاہم منگل کو مذاکرات کا ایک اور دور متوقع ہے جس میں جنگ بندی کو مزید مؤثر بنانے پر بات ہوگی۔
بھارتی فوج نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 12 مئی کو ہونے والا سیزفائر معاہدہ غیر معینہ مدت کے لیے ہے اور اس کی کوئی ایکسپائری ڈیٹ مقرر نہیں کی گئی۔
بھارتی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اتوار کو پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان کسی قسم کی بات چیت طے نہیں تھی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان 12 مئی کو جو جنگ بندی معاہدہ ہوا، وہ کسی وقتی مدت تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ بغیر کسی اختتامی تاریخ کے نافذالعمل ہے۔
دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان سیزفائر کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مذاکرات کا اگلا راؤنڈ منگل کے روز ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اگرچہ بھارت کے بعض رہنماؤں کی جانب سے متعصبانہ بیانات سامنے آئے ہیں، لیکن بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے مثبت اشارے دیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بلاول بھٹو نے بھارتی رویے کو سیزفائر کے لیے خطرہ قرار دیا تھا، تاہم بھارتی فوج کے تازہ مؤقف سے عندیہ ملتا ہے کہ عسکری سطح پر مذاکرات اور رابطے جاری رکھنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔





















