شرح سود میں کمی، آٹو فنانسنگ میں اضافہ

کراچی: شرح سود میں کمی کے نتیجہ میں آٹو فنانسنگ میں مسلسل دوسرے ماہ اضافہ ہوا ہے۔ اکتوبر 2024 کے دوران گاڑیوں کی خریداری کیلئے بینکوں کی جانب سے قرضہ جات کی فراہمی میں 3.7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر 2024 کے دوران آٹو فنانسنگ کا حجم 236 ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ ستمبر 2024 کے دوران گاڑیوں کی خریداری کیلئے 227.541 ارب روپے اور اگست 2024 میں 227.296 ارب روپے کے قرضہ جات جاری کئے گئے تھے۔
شرح سود میں اضافہ کے باعث جون 2022 کے بعد سے آٹو فنانسنگ میں کمی کا رجحان رہا تاہم 22 ماہ کے ویل عرصہ کے بعد ستمبر 2024 کے دوران گاڑیوں کی خریداری کیلئے قرضہ جات کی فراہمی میں خوش آئندہ اضافہ ہوا ہے۔
رواں مالی سال 24-2023 میں ابتدائی چار ماہ کے دوران کاروں، ایس یو ویز، وینز اور پک اپس کی سیلز میں 50فیصد اضافہ ہوا ہے اور جولائی تا اکتوبر 2024 کے دوران فروخت کا مجموعی حجم 40 ہزار 693 یونٹس تک بڑھ گیا۔
واضح رہے کہ جون 2024 میں شرح سود 22 فیصد سے 20 فیصد تک کم کی گئی جبکہ جولائی میں 19.5، ستمبر میں 17.5 فیصد اور نومبر میں 15 فیصد تک کم کردی گئی جس کے نتیجہ میں آٹو فنانسنگ میں اضافہ ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین