بھارتی کرکٹ بورڈ نے ’’ہائبرڈ ماڈل‘‘ کو مسترد کر دیا، پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان ڈیڈلاک برقرار

آئی سی سی آئندہ چند دنوں میں اس معاملے پر دوبارہ اجلاس بلائے گا

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنے ملک میں شیڈول آئی سی سی ایونٹس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے سلسلے میں ہائبرڈ ماڈل پر زور دینے والے بھارتی بورڈ نے واضح کیا ہے کہ بھارت میں کسی بھی ایونٹ کے لیے ہائبرڈ ماڈل قابل قبول نہیں ہوگا۔ بی سی سی آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت میں سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، اس لیے ایونٹس مکمل طور پر بھارت میں ہی منعقد ہوں گے۔

پی سی بی نے تجویز دی تھی کہ اگر بھارتی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں آتی، تو پاکستان بھی بھارت میں شیڈول کسی ایونٹ میں شرکت نہیں کرے گا۔ اس تناظر میں پی سی بی نے 2031 تک بھارت میں ہونے والے تمام آئی سی سی ایونٹس کے لیے ہائبرڈ ماڈل اپنانے کا مطالبہ کیا تھا۔

تاہم بھارتی بورڈ نے اس مطالبے کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر ہائبرڈ ماڈل کی کوئی ضرورت نہیں۔ دوسری جانب، پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی دو ٹوک پوزیشن پر قائم ہے اور مکمل میزبانی یا ہائبرڈ ماڈل کے بغیر ایونٹس میں شرکت سے انکار کی دھمکی دے رہا ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کے وفد نے حال ہی میں پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات اور اسٹیڈیمز کا جائزہ لیا اور کوئی اعتراض نہیں اٹھایا۔ اس کے برعکس بھارت نے سیکیورٹی کا جواز پیش کرتے ہوئے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، آئی سی سی آئندہ چند دنوں میں اس معاملے پر دوبارہ اجلاس بلائے گا تاکہ دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان موجود ڈیڈلاک کو ختم کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین